شہریوں کو تفریحی سہولیات کی فراہمی کے معاملہ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ، پارکوں کی اپ گریڈیشن کے لئے تمام تر کوششیں بروئے کار لائیں گے

اسلام آباد میٹروپولیٹن کارپوریشن کے میئر شیخ انصرعزیز کا انقرہ پارک کے دورہ کے موقع اظہارخیال

جمعرات 18 اگست 2016 16:29

اسلام آباد ۔ 18 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔18 اگست۔2016ء) اسلام آباد میٹروپولیٹن کارپوریشن کے میئر شیخ انصرعزیز نے کہا ہے کہ تفریحی مقامات پر شہریوں کو تفریحی سہولیات کی فراہمی کے معاملہ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ، پارکوں کی اپ گریڈیشن کے لئے تمام تر کوششیں بروئے کار لائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انقرہ پارک کے حالیہ دورہ کے موقع پر کیا۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میٹروپولیٹن کارپوریشن ماحول دوست اقدامات کے ذریعے نہ صرف شہریوں کو معیاری تفریحی سہولتوں کی فراہمی پر توجہ مرکوز کر رہی ہے بلکہ شہر کی خوبصورتی کے لئے جدید خطوط پر اقدامات بھی اٹھا رہی ہے ۔ اس موقع پر شیخ انصر عزیز کو انقرہ پارک کے حدود اربعہ کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ یہ پارک 23ایکڑ رقبہ پر محیط ہے اور پاکستان اور ترکی کے مابین دوستانہ تعلقات سے منسوب کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

میئر نے کہا کہ انقرہ پارک دونوں ممالک کے درمیان تاریخی دوستی کی ایک علامت ہے۔ اس پارک کو تمام تر جدید سہولیات سے آراستہ رکھنے کے لئے خصوصی کوششیں کی جائیں گی۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ باقاعدگی سے گھاس ، جھاڑیوں اور درختوں کی ٹہنیوں کی کاٹ چھانٹ کو یقینی بنایا جائے اور راہداریوں کو اپ گریڈ کیا جائے۔ انہوں نے پارک کی شادابی اور ہمواری میں اضافہ کے ساتھ ساتھ مزید پودے لگانے کی بھی ہدایت کی تا کہ شہریوں کو سہولت کے ساتھ ساتھ شہر کی خوبصورتی میں بھی اضافہ ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ مختلف پارکوں میں جو سہولیات موجود نہیں انہیں پورا کرنے اور پارکوں کی اپ گریڈیشن کی جائے گی اور اس میں کوئی بھی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ شیخ انصرعزیز نے 2005ء میں ترکی کے زلزلہ کے شہداء کی یاد میں تعمیر کی گئی یادگار کا بھی دورہ کیا اور شہداء کے بلندی درجات کے لئے فاتحہ خوانی کی۔

متعلقہ عنوان :