نائن زیرو عزیزآباد میں ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کا ہنگامی اجلاس

رینجرز اورپولیس کے غیرقانونی چھاپوں‘ اندھادھندگرفتاریوں پر حکومت اور اپوزیشن جماعتوں کے رویوں کا تفصیلی جائزہ

بدھ 17 اگست 2016 22:49

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔17 اگست ۔2016ء) متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کا ہنگامی اجلاس ایم کیوایم کے مرکز نائن زیروعزیزآباد میں ہوا ۔ اجلاس کی صدارت رابطہ کمیٹی کے سینئر ڈپٹی کنوینر عامرخان نے کی، اجلاس میں ایم کیوایم کے دفاتراور ذمہ داروں ، منتخب نمائندوں اورکارکنوں کے گھروں پر رینجرز اورپولیس کے غیرقانونی چھاپوں، اندھادھندگرفتاریوں اور حراست کے دوران ان پر وحشیانہ تشددکے مسلسل واقعات پر حکومت اور اپوزیشن جماعتوں کے رویوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، اجلاس میں کہاگیا کہ گزشتہ تین برسوں سے مہاجروں کو ریاستی دہشت گردی کانشانہ بنایاجارہا ہے ، مہاجروں کا سیاسی ، معاشی ، تعلیمی اور جسمانی قتل عام کیاجارہا ہے ، گھرگھر چھاپے گرفتاریاں روزمرہ کا معمول بن چکی ہیں ،مہاجروں کے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں،ایم کیوایم کی سیاسی سرگرمیوں اورقائدتحریک جناب الطاف حسین کی میڈیا کوریج پر پابندی عائد کردی گئی ہے، لیکن حکومت اوراپوزیشن جماعتوں کی جانب سے ایم کیوایم اورمہاجروں کے ساتھ ظلم وستم اورناانصافیوں کے خلاف کوئی صدائے احتجاج بلند نہیں کی جارہی ہے ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں مزیدبتایاگیا کہ پنامہ لیکس کے حوالہ سے قائم کی گئی اپوزیشن جماعتوں کی ٹی او آرزکمیٹی میں بھی ایم کیوایم کے ساتھ ظلم وزیادتی کے خلاف کوئی بات نہیں کی جارہی ہے لہٰذا اس کمیٹی میں ایم کیوایم کے نمائندوں کی شمولیت کا کوئی فائدہ نہیں ہے ۔اجلاس میں متفقہ طورپر فیصلہ کیاگیا کہ پنامہ لیکس کے حوالہ سے قائم کی گئی اپوزیشن جماعتوں کی ٹی او آرزکمیٹی سے مکمل لاتعلقی اختیارکی جائے، ایم کیوایم کے نمائندوں کو مذکورہ کمیٹی سے الگ کردیاجائے اور ایم کیوایم کے کارکنان وعوام پر ڈھائے جانے والے ظلم وستم اورناانصافیوں کے خلاف پرامن جمہوری احتجاج کا ہرراستہ اپنایاجائے ۔

اجلاس میں ایم کیوایم کے منتخب نمائندوں ، ذمہ داروں اورکارکنوں کی اندھادھند گرفتاریوں کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی گئی اور چھاپوں گرفتاریوں کے خلاف پرامن احتجا ج جاری رکھنے کا بھی فیصلہ کیا گیا،قائدتحریک الطاف حسین نے رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کردی۔