شہر کے تمام پلوں، فلائی اوورز کے نیچے قائم تجاوزات کا فوری اور مکمل خاتمہ کیا جائے ، ایڈمنسٹریٹر کراچی

بدھ 17 اگست 2016 22:14

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 اگست ۔2016ء) ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے محکمہ انسداد تجاوزات کو ہدایت کی ہے کہ شہر کے تمام پلوں، فلائی اوورز کے نیچے قائم تجاوزات کا فوری اور مکمل خاتمہ کیا جائے اور پلوں اور فلائی اوور کے اطراف کے علاقے کو صاف ستھرا بنایا جائے، ایڈمنسٹریٹر کراچی کی ہدایت پر عملدرآمد کرتے ہوئے، بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ انسدادتجاوزات نے ڈپٹی کمشنر ملیر کے اشتراک سے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے قائد آباد پل کے نیچے غیرقانونی طور پر قائم کی گئیں450 دکانیں اور داؤد فلائی اوور کے نیچے 400 دکانیں مسمار کردیں، اس آپریشن کی نگرانی ڈائریکٹر انسداد تجاوزات مظہر خان نے کی جبکہ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ملیر، اسسٹنٹ کمشنرڈسٹرکٹ ملیر ، مختیارکار بن قاسم، اسسٹنٹ کمشنر ابراہیم حیدری، مختیار کار ابراہیم حیدری، سینئر ڈپٹی ڈائریکٹر آصف جٹھا، ڈپٹی ڈائریکٹر ریحان، ڈپٹی ڈائریکٹر محمود اور ڈسٹرکٹ ملیر کا عملہ ، ڈسٹرکٹ کورنگی کا عملہ ، ڈسٹرکٹ ایسٹ کا عملہ،ڈی ایم سی، محکمہ انسداد تجاوزات کے ایم سی کا عملہ اور علاقہ پولیس کی بھی بھاری نفری موجود تھی ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ قائد آباد فلائی اوور اور داؤد فلائی اوور کے نیچے درجنوں دکانیں اور کیبن بنا کر تجاوزات قائم کردی گئی تھیں جس کی وجہ سے اطراف کی سڑکوں پر ٹریفک جام کی شکایت سامنے آرہی تھی لہٰذا محکمہ انسداد تجاوزات اور ضلع ملیر کی انتظامیہ نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے تمام غیرقانونی تجاوزات اور کیبنز کا صفایا کردیا ، محکمہ انسداد تجاوزات بلدیہ عظمیٰ کراچی دیگر پلوں اور فلائی اوورز کے نیچے قائم ہر قسم کی تجاوزات کے خلاف بھی کارروائی کررہا ہے اور خاص طور پر ان مقامات کی نگرانی کی جارہی ہے جہاں سے پہلے تجاوزات ہٹائی جاچکی ہیں تاکہ وہاں دوبارہ تجاوزات قائم نہ ہونے پائیں۔

متعلقہ عنوان :