خیبر ایجنسی میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں 2جوان شہید ، 3اہلکار زخمی

شہید اہلکاروں کی نمازہ جنازہ کور ہیڈ کوارٹرز پشاور میں ادا، گورنر خیبرپختونخوا ،کورکمانڈر پشاوراور دیگر حکام کی شرکت ، جسد خاکی آبائی علاقوں کو روانہ

بدھ 17 اگست 2016 21:50

خیبر ایجنسی/راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔17 اگست ۔2016ء ) خیبر ایجنسی میں وادی تیراہ کے علاقہ راجگل میں دہشت گردوں کے خلاف اپریشن کے دوران پیش قدمی کے دوران بارودی سرنگ کا دھماکہ جس میں سیکورٹی فورسز کے 2جوان شہید اور 3اہلکار شدیدزخمی ہوگئے،شہید اہلکاروں کی نمازہ جنازہ بھی اداکردی گئی جس میں گورنر خیبرپختونخوا ،کورکمانڈر پشاوراور دیگر نے شرکت کی ۔

بدھ کو سیکورٹی ذرائع کے مطابق خیبر ایجنسی کی دور افتادہ وادی تیراہ میں شدت پسندوں کے خلاف جاری آپریشن کے دوران علاقہ راجگل میں پیش قدمی جاری ہے جس کے دوران اچانک بارودی سرنگ دھماکے سے پھٹ گئی جس میں پاک فوج کے دوجوان شہید ہوگئے جبکہ سیکورٹی فورسز کے تین اہلکار شدیدزخمی بھی ہو گئے جن کو فوری پشاور سی ایم ایچ کومنتقل کر دیا گیا دھماکے کے بعد سیکورٹی فورسز نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور سرچ اپریشن شروع کر دی جبکہ دوسر ی طرف سیکورٹی فورسز نے آپریشن کے دوران وادی تیراہ کے اہم علاقوں کا کنٹرول سنبھال لیا ہے ۔

(جاری ہے)

ادھر آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والے دونوں اہلکاروں کی نمازہ جنازہ کور ہیڈ کوارٹرز پشاور میں ادا کی گئی جس میں گورنر خیبرپختونخوا اقبال ظفر جھگڑا ،کورکمانڈر پشاوراور دیگر حکام نے شرکت کی۔نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد شہد اء کے جسد خاکی ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کر دیئے گئے ۔