پنجاب ہیلتھ فاؤنڈیشن کلینک قائم کرنے کیلئے پانچ لاکھ تک سافٹ لون سکیم شروع کرے گی

پی ایچ ایف نجی شعبہ میں ہیلتھ کیئر سروسز کی فراہمی کیلئے فیملی فزیشنز و جنرل پریکٹشنرز کی حوصلہ افزائی کرے گی ،نجم شاہ

بدھ 17 اگست 2016 20:50

لاہور۔17 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔17 اگست ۔2016ء ) سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نجم احمد شاہ نے کہا ہے کہ پنجاب ہیلتھ فاؤنڈیشن کو ایک متحرک ادارہ بنانے کے لئے اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے او رنجی شعبہ میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ہیلتھ کیئر سروسز کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے فیملی فزیشنز ، جنرل پریکٹشنرز ایسوسی ایشنز ، اخوت فاؤنڈیشن اور پنجاب بنک کے تعاون سے پانچ لاکھ روپے تک سافٹ لون سکیم شروع کی جائے گی اور یہ قرضہ ڈاکٹرز کلینک قائم کرنے کے لئے شخصی ضمانت پر حاصل کر سکیں گے - انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لئے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ خود کار سسٹم کا سافٹ ویئر تیار کرے گا - انہوں نے یہ بات بدھ کو پنجاب ہیلتھ فاؤنڈیشن کی ٹیکنیکل اینڈ فنانس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی - اجلاس میں اخوت فاؤنڈیشن کے چیئر مین ڈاکٹر امجد ثاقب ، مینجنگ ڈائریکٹر PHF ڈاکٹر سہیل ثقلین ، ڈائریکٹر جنرل PITB ، انسٹی ٹیوٹ آف آپتھلمالوجی کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر اسد اسلم خان ، بنک آف پنجاب کے نمائندے ، پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن سے ڈاکٹر مشتاق سلہریا اور فنانس اینڈ ٹیکنیکل کمیٹی کے دیگر ممبران نے شرکت کی - ڈاکٹر امجد ثاقب نے تجویز کیا کہPHF کے دائرہ کار کو بڑھاتے ہوئے ڈاکٹرز کے علاوہ فارماسسٹوں کو فارمیسی بنانے اور مستند ہومیو پیتھ او رحکیموں کو بھی سافٹ قرضہ سکیم میں شامل کیا جائے -اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری ہیلتھ نجم احمد شاہ نے PHF کی نئی مینجمنٹ کی کوششوں کو سراہا جو وہ زیر التواء قرضہ جات کی ریکوری کرنے اور PHF کے پلیٹ فارم سے ڈاکٹرز کو نئے قرضہ جات بلا رکاوٹ جاری کرنے کے لئے سرانجام دے رہی ہے - انہوں نے دو ہفتوں کے اندر 26 لاکھ روپے کی ریکوری کرنے کے اقدام کی تعریف کی - نجم احمد شاہ نے کہا کہ PHF ڈاکٹر کمیونٹی کی سپورٹ کا ادارہ ہے اس کے قوانین میں ترامیم کر کے فاؤنڈیشن کے دائرہ کار کو مزید وسعت دی جائے گی اور تمام اسٹیک ہولڈرز کے تعاون سے پنجاب ہیلتھ فاؤنڈیشن کو ایک متحرک اور فعال ادارہ بنایا جائے گا - اس موقع پر 17 ڈاکٹرز کو 2 کروڑ 64 لاکھ روپے کے بلا سود قرضہ جات کے چیک سیکرٹری صحت نے تقسیم کئے- ڈاکٹر سہیل ثقلین نے بتایا کہPHF کی تاریخ میں پہلی مرتبہ قرضہ لینے والے ڈاکٹرز کو فون کر کے چیک کے بارے اطلاع دی گئی ہے - انہوں نے بتایا کہ یہ قرضہ بلا سود ہے جس کی ادائیگی آسان اقساط میں کی جاتی ہے -

متعلقہ عنوان :