جنگلات کی بہتری‘ لوگوں کو تفریح کے مواقع فراہم کرنے کیلئے خصوصی اقدامات کئے جارہے ہیں،وزیر جنگلات

بدھ 17 اگست 2016 20:50

لاہور۔17 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔17 اگست ۔2016ء )صوبائی وزیر جنگلات ، جنگلی حیات و ماہی پرور ی ملک محمد آصف بھا اعوان نے کہا ہے کہ جنگلات کی بہتری اور لوگوں کو تفریح کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے کیلئے خصوصی اقدامات کئے جارہے ہیں اور شاہدرہ ریزرو فاریسٹ ( کرول جھگیاں ) کو تفریحی پارک کی طرز پر تیار کرنے پر تیزی سے کام جارہی ہے ۔

انہوں نے یہ بات یہاں شاہدرہ ریزرو فاریسٹ ( کرول جھگیاں ) کے دورہ کے موقع پر کہی ، چیف کنزرویٹر آف فاریسٹ سنٹرل زون راناشبیر احمد اور محکمہ جنگلات کے دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ شاہدرہ ریزرو فاریسٹ کرول جھگیاں پر سال 2014-15ء میں 600ایکٹر رقبہ پر درخت لگائے گئے تھے جبکہ سال 2015-16ء کے دوران مزید 50ایکٹر رقبہ پر شجر کاری کی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

ملک محمد آصف بھا نے کہا کہ بیلوں کی خالی پڑی سوا لا کھ ایکڑ زمینوں کو آباد کرنے کیلئے پرائیویٹ کمپنیوں کی خدمات لی جارہی ہیں اور کسی بھی کمپنی کو 10ہزار ایکٹر سے زائد بیلوں کی زمین نہیں دی جائے گی تاکہ وہ احسن طریقے سے ان زمینوں کو سر سبز بنا سکیں ۔صوبائی وزیر نے کہا کہ کرول جھگیاں جنگل کو خار دار تار لگا کر محفوظ بنایا جارہا ہے اور اس ضمن میں اب تک 35ہزار فٹ رقبہ پر خار دار تار لگائی جا چکی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق محکمہ جنگلات عوام کو تفریح گاہوں میں قدرتی ماحول فراہم کرنے میں کوشاں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سیاحوں اور خصوصا بچوں کو انکی پسند کی تفریح فراہم کر نے کیلئے 2ایکٹر رقبہ پر پارک بھی تشکیل دیا جارہاہے جو ایک ماہ کے اندر مکمل ہو جائیگا ۔صوبائی وزیر نے کہا کہ شاہدرہ ریزروفاریسٹ کرول جھگیاں کو پارک کا درجہ دلوانے کیلئے جلد سمری تیار کرکے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے منظوری حاصل کی جائیگی اور اسکی چھانگا مانگا اور جلو پارک کی طرز پر تزئین و آرائش کی جائے گی تاکہ لاہوریوں کو ان کے گھر کے نزدیک صحت مند تفریح کے مواقع میسر آ سکیں اور سیاحوں کو قدرتی ماحول فراہم کیا جا سکے ۔

چیف کنزرویٹر آف فاریسٹ سنٹرل زون رانا شبیر احمد نے بتایا کہ کرول جھگیاں میں شجر کاری کیلئے ٹربائنوں اور پیٹر انجنوں کے ذریعے پانی فراہم کیا گیا ہے اور یہاں 29 اقسام کے پودے اور درخت لگائے گئے ہیں ۔قبل ازیں صوبائی وزیر نے شاہدرہ ریزرو فاریسٹ کا تفصیلی دورہ کیا اور محکمہ کی کارکردگی کو سراہا ، افسران اور اہلکاران میں تعریفی اسناد ،شیلڈ ز اور نقد انعامات تقسیم کئے ۔