حاملہ خاتون کو چھت سے نیچے گرانے کے خلاف درخواست میں خاوند کو فریق بنانے کا حکم

بدھ 17 اگست 2016 20:39

لاہور۔17 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔17 اگست ۔2016ء ) لاہور ہائیکورٹ نے حاملہ مسیحی خاتون ثمن شریف کو گھر کی تیسری منزل سے نیچے گرانے کے خلاف درخواست میں خاوند کو فریق بنانے کا حکم دیدیا ، عدالت نے خاتون کے خاوند‘ سمن آباد پولیس اور جناح ہسپتال انتظامیہ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 7 ستمبرتک جواب طلب کرلیا ہے، لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس شہباز رضوی کی عدالت میں درخواست گزارکے وکیل رضوان ذکا گل نے بتایا کہ گھریلو جھگڑے پر خاوند نعمان جاوید اور دیگر سسرالیوں نے حاملہ خاتون سمن شریف کو گھر کی تیسری منزل سے نیچے پھینک دیا ،تیسری منزل سے گرنے پر خاتون شدید زخمی ہوئی اور تین ماہ کاحمل ضائع ہوگیا اور ریڑھ کی ہڈی میں کریک آنے سے وہ چلنے پھرنے سے قاصر ہوگئی،تھانہ سمن آباد پولیس مقدمہ درج نہیں کررہی جبکہ جناح ہسپتال انتظامیہ میڈیکل رپورٹ جاری نہیں کررہی،عدالت ہسپتال انتظامیہ کو میڈیکل رپورٹ دینے اور پولیس کو اندراج مقدمہ کا حکم دے۔