پولیس سٹیشنز کی تعمیر ‘ملازمین کو رہائشی سہولیات کی فراہمی سمیت دیگر امور پر آئی جی پنجاب کی زیر صدارت اجلاس

سی سی پی او لاہونے آئی جی پنجاب کو تھانوں کو فنانشل پاورز دینے کے بارے میں تفصیلی تجاویز دیں‘ لاہور میں الگ فنانشل پاور یونٹ قائم کرنے پر اتفاق

بدھ 17 اگست 2016 20:39

لاہور۔17 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔17 اگست ۔2016ء ) لاہور میں نئے پولیس سٹیشنز کی تعمیر اور پرانے تھانوں کی اپ گریڈیشن ‘ملازمین کو رہائشی سہولتوں کیلئے نئے بلاکس کی تعمیر اور ڈالفن فورس کی موٹر سائیکلوں‘ گاڑیوں کی پارکنگ‘ شیڈزاور ورکشاپ کی تعمیر کے علاوہ نئی ڈالفن سول لائن پولیس بنانے سمیت تھانوں میں کارکردگی کو بہتر کرنے اور مثبت ماحول کی فراہمی کا جائزہ لینے کیلئے انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب مشتاق احمد سکھیرا کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس سنٹرل پولیس آفس لاہور میں منعقد ہوا، اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی ویلفےئر اینڈ فنانس، سہیل خان، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز /انوسٹی گیشن پنجاب، کیپٹن (ر) عارف نوازاور لاہور پولیس کے سینےئر افسران سی سی پی او لاہور، کیپٹن (ر) امین وینس سمیت ڈی آئی جی انوسٹی گیشن لاہور، سلطان احمد چوہدری، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور، ڈاکٹر حیدر اشرف، ایس ایس پی ایڈمن لاہور، رانا ایاز سلیم کے علاوہ سی پی او کے دیگر پولیس افسران نے شرکت کی،اس موقع پر سی سی پی او لاہور، کیپٹن (ر) امین وینس نے آئی جی پنجاب کو تھانوں کو فنانشل پاورز دینے کے بارے میں تفصیلی تجاویز دیں جس پر آئی جی نے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ تھانوں کی بجٹنگ مکمل ہونے کے بعد انہیں مالی اختیارات دے دئیے جائیں گے اور اس کے لئے ڈی ڈی او پاورز متعلقہ تھانوں کے ایس ڈی پی اوز کو دینے پر اتفاق کیا گیا،آئی جی پنجاب نے سی سی پی او لاہور کی اس تجویز سے بھی اتفاق کیا کہ لاہور میں ایک الگ فنانشل پاور یونٹ قائم کیا جائے جس میں صرف اور صرف اقتصادی و مالی امور سے متعلق کیسز پر کارروائی کی جا سکے گی، اس کے علاوہ لاہو رمیں تفتیشی افسروں کو خصوصی طور پر Homicide Squadsمیں کام کرنے والے افسروں کی کارکردگی اور درپیش مسائل کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا اوراس موقع پر آئی جی پنجاب نے بتایا کہ تفتیشی اخراجات کے لئے پہلے سے ہی Imprest Moneyان افسروں کو دینے کے لئے سمری حکومت کوبھیج دی گئی ہے، حکومتی منظوری کے بعد یہ رقم تھانوں میں پیشگی موجود ہوگی تاکہ تفتیشی عمل کو بلا تاخیر جاری رکھا جا سکے، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور ڈاکٹر حیدر اشرف نے آئی جی پنجاب کو بتایا کہ ڈالفن سول لائن پولیس کیلئے زمین حاصل کی جارہی ہے جبکہ لاہور کی تمام ڈویژنز میں ڈالفن سنٹرز کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے جس پر آئی جی پنجاب نے لاہور پولیس کو اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایس ایس پی ایڈمن لاہور، رانا ایاز سلیم نے لاہور میں زیر تعمیر نئے تھانوں کی پراگریس کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے آئی جی پنجاب کو بتایا کہ گارڈن ٹاؤن میں 4کنال کے رقبے پر مشتمل نئے تھانے کی تعمیر مکمل کر لی گئی ہے جبکہ 10تھانوں بشمول اکبری گیٹ، بادامی باغ، گوالمنڈی، قلعہ گجر سنگھ، چوہنگ، نولکھا، لوہاری گیٹ، مزنگ اور یکی گیٹ تعمیر کے آخری مراحل میں ہیں، رانا ایاز سلیم نے مزید بتایا کہ حکومت کی طرف سے منظور کئے گئے 4نئے تھانوں، گلشن اقبال، گلشن راوی، فیصل ٹاؤن اور لیاقت آباد کی تعمیر کا کام جلد شروع کر دیا جائے گا،مشتاق احمد سکھیرا نے چھوٹے ملازمین کی رہائش کے لئے تعمیر کیے جانے والے بلاکس کے بارے میں بھی تفصیلی جائزہ لیا جس پر ایس ایس پی ایڈمن لاہور نے آئی جی پنجاب بتایا کہ بھوپتیاں کے علاقے میں 5نئی بلڈنگز بھی تکمیل کے مراحل میں ہیں جن میں چھوٹے ملازمین کے لئے 90فلیٹس تعمیر کیے جارہے ہیں جس کے 15بلاکس ہونگے اور ہر بلاک میں 6فلیٹس ہونگے،اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ لاہور میں جن تھانوں میں جگہ کی گنجائش ہے وہاں ملازمین کیلئے باقاعدہ میس بنائے جائیں تا کہ نفری کو معیاری اور سستا کھانا فراہم ہو سکے۔

متعلقہ عنوان :