اقوام متحدہ کا مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر گہری تشویش کا اظہار

بھارتی حکومت کی جانب سے اقوام متحدہ کے مبصرین کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلا ف ورزیوں کا جائزہ لینے کیلئے دورے کی اجازت دینے سے انکار افسوس ناک ہے ، آزادانہ طور پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اوردیگر حقائق کا جائزہ لینے کیلئے ہماری مخلصانہ کوششیں ناکام ہونا بدقسمتی کی بات ہے،اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ہائی کمشنر زید الحسین کا بیان

بدھ 17 اگست 2016 20:36

جنیوا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔17 اگست ۔2016ء) اقوام متحدہ نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی حکومت کی جانب سے اقوام متحدہ کے مبصرین کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلا ف ورزیوں کا جائزہ لینے کیلئے دورے کی اجازت دینے سے انکار افسوس ناک ہے ، آزادانہ طور پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اوردیگر حقائق کا جائزہ لینے کیلئے ہماری مخلصانہ کوششیں ناکام ہونا بدقسمتی کی بات ہے ۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ہائی کمشنر زید الحسین کا کہنا ہے کہ جولائی میں تشد د بھڑکنے کے بعد سے مبصرین کی کشمیر تک رسائی کیلئے کوششیں کررہے ہیں۔یہ بہت ہی بدقسمتی کی بات ہے کہ ابھی تک اقوام متحدہ کو مقبوضہ وادی میں رسائی نہیں دی گئی ۔

(جاری ہے)

زید الحسین کا کہنا تھاکہ مقوضہ کشمیر میں رسائی نہ ملنے پر بہت زیادہ افسوس ہے جہاں طاقت کے استعمال کے باعث بڑی تعداد میں لوگ ہلاک اورزخمی ہوچکے ہیں ۔

یہ بدقسمتی ہے کہ آزادانہ طور پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اوردیگر حقائق کا جائزہ لینے کیلئے ہماری مخلصانہ کوششیں ناکام رہی ہیں۔اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل نے حال ہی میں بھارتی حکومت سے مقوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا جائزہ لینے کیلئے اجازت طلب کی تھی تاہم بھارت نے اپنے ظلم وستم کا پردہ فاش ہونے کے ڈر سے اجازت دینے سے انکار کردیا۔واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی طرف سے جاری جارحیت کے نتیجے میں 90کے قریب شہری شہید اور ہزاروں زخمی ہوچکے ہیں۔مقبوضہ وادی میں بھارت کے خلاف احتجاج ،مظاہروں اور ہڑتالوں کا سلسلہ جاری ہے ۔