پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی کا تسلسل برقرار، 100 انڈیکستاریخ کی نئی بلند ترین سطح 40057.52 پوائنٹس پر بند

بدھ 17 اگست 2016 20:33

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 اگست ۔2016ء) پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں تیزی کا تسلسل برقرار رہا، کے ایس ای 100 انڈیکس مزید 7.35 پوائنٹس کے اضافے سے تاریخ کی نئی بلند ترین سطح 40057.52 پوائنٹس پر بند ہوا، مارکیٹ سرمایہ میں9 ارب 80 کروڑ 64 لاکھ 17 ہزار 77 روپے کا اضافہ ہوا جبکہ تجارتی حجم میں بھی 2 ارب 10 کروڑ 56 لاکھ 96 ہزار 52 روپے کی تیزی رونماء ہوئی تاہم خرید و فروخت میں 13 لاکھ 42 ہزار 460 حصص کی کمی رونماء ہوئی۔

تفصیلات کے مطابق کاروباری ہفتے کے تیسرے روز بدھ کو بھی پی ایس ایکس میں تیزی کا رجحان برقرار رہا اور 100 انڈیکس مزید 7.35 پوائنٹس کے اضافے سے تاریخ کی نئی بلند ترین سطح 40057.52 پوائنٹس پر بند ہوا جبکہ انڈیکس میں منگل کو بھی 19.65 پوائنٹس کی تیزی رونماء ہوئی تھی تاہم بدھ کو کے ایس ای 30 انڈیکس 8.87 پوائنٹس کی کمی سے 22917.19 پوائنٹس پر بند ہوا۔

(جاری ہے)

دریں اثناء کے ایس سی آل شیئر انڈیکس میں 32.74 پوائنٹس کی تیزی رہی جبکہ کے ایم آئی 30 انڈیکس میں 55.20 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

بینکس ٹریڈ ایبل (بی اے ٹی آئی) انڈیکس 50.48 پوائنٹس کی کمی سے 16999.86 پوائنٹس پر بند ہوا جبکہ آئل اینڈ گیس ٹریڈ ایبل (او جی ٹی آئی) انڈیکس 37.57 پوائنٹس کی مندی سے 15833.25 پوائنٹس پر بند ہوا۔ پی ایس ایکس - کے ایم آئی انڈیکس 36.21 پوائنٹس کے اضافے سے 18772.50 پوائنٹس پر بند ہوا۔ مارکیٹ میں مجموعی طور پر 414 کمپنیوں کے حصص کا لین دین ہوا جن میں سے 178 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں تیزی، 214 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں مندی اور 22 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

سب سے زیادہ تیزی یونی لیور فوڈز کے حصص کی قیمتوں میں ہوئی جس کے حصص کی قیمت 255.83 روپے کے اضافے سے 5805.83 روپے پر بند ہوئی۔ اسی طرح ویتھ پاک لمیٹڈ کے حصص کی سودے بھی 97 روپے کی تیزی سے 2047 روپے پر بند ہوئے۔ سب سے زیادہ مندی رفحان میز پروڈکٹس اور سیمینز پاکستان کے حصص کی قیمتوں میں ہوئی۔ رفحان میز پروڈکٹس کے حصص کی قیمت 119 روپے کی مندی سے 7615 روپے اور سیمینز پاکستان کے حصص کی قیمت بھی 28.64 روپے کی کمی سے 870.36 روپے رہ گئی۔

سب سے زیادہ کاروبار کے الیکٹرک لمیٹڈ کے حصص میں ہوا جو 1 کروڑ 74 لاکھ 38 ہزار شیئرز رہا جس کی قیمت 8.57 روپے سے شروع ہو کر 8.62 روپے پر بند ہوئی جبکہ کے پاک الیکٹرون کے 1 کروڑ 30 لاکھ 94 ہزار حصص کے سودے 74.19 روپے سے شروع ہو کر 74.64 روپے بند ہوئے۔ مجموعی طور پر 23 کروڑ 90 لاکھ 18 ہزار 600 حصص کا کاروبار ہوا جس کا تجارتی حجم 15 ارب 37 کروڑ 72 لاکھ 56 ہزار 871 روپے رہا۔ مارکیٹ کیپیٹل 80 کھرب 9 ارب 14 کروڑ 65 لاکھ 22 ہزار 94 روپے سے بڑھ کر 80 کھرب 18 ارب 95 کروڑ 29 لاکھ 39 ہزار 171 روپے ہو گیا۔ فیوچر ٹریڈنگ میں 129 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں تیزی اور 25 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں مندی رہی جبکہ 3 کروڑ 87 لاکھ 43 ہزار حصص کا کاروبار ہوا۔