نہری ڈھانچے کی مضبوطی جانچنے کیلئے سیفٹی ایویلیوایشن یونٹ قائم کر دیا ہے‘میاں یاورزمان

بدھ 17 اگست 2016 20:09

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 اگست ۔2016ء ) صوبائی وزیر آبپاشی و چیئرمین پیڈا میاں یاور زمان نے کہا ہے کہ نہری ڈھانچے کی مضبوطی جانچنے کیلئے ہائڈرالک سٹرکچر سیفٹی ایویلیوایشن یونٹ قائم کر دیا گیا ہے۔ اس یونٹ کے سٹاف نے باقاعدہ ٹریننگ کے بعد اپنے فرائض کی انجام دہی کا آغاز کر دیا ہے۔ یہ بات انہوں نے اپنے دفتر میں سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے ایک وفد سے ملاقات کے دوران بتائی۔

وفد کی قیادت سندھ طاس واٹر کونسل کے چیئرمین انجینئر سلیمان خان کر رہے تھے ،اس موقع پر سینئر اریگیشن انجینئر ز بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر آبپاشی نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پنجاب میں آبی گزرگاہوں پر قائم بیراجوں و دیگر تنصیبات کی مضبوطی کا جائزہ لینے کے لئے سیفٹی ایویلیوایشن یونٹ کو آپریشنل کر دیا گیا ہے جس کے سٹاف کو ماہرین سے باقاعدہ تربیت دلوانے کے بعد محکمہ آبپاشی میں شامل کیا گیاہے۔

(جاری ہے)

سیفٹی ایویلیوایشن یونٹ کے انجینئرز اور محکمہ آبپاشی کے افسران کی مشترکہ ٹیمیں نہری ڈھانچے کی استعداد کار کا جائزہ لینے اور آبی گزر گاہوں و حفاظتی بندوں پر مسلسل پٹرولنگ کرتی ہیں تا کہ کمزور پہلوؤں کی بروقت نشاندہی کی جا سکے۔صوبائی وزیر میاں یاور زمان نے بتایا کہ سیفٹی ایویلیوایشن یونٹ کے قیام سے نہری ڈھانچے کی تازہ ترین صورت حال کے بارے میں ریگولر بنیادوں پر رپورٹس موصول ہو رہی ہیں جن کی بنیاد پرآئندہ ترقیاتی سکیمیں تشکیل دی جائیں گی۔انہوں نے مزید بتایا کہ محکمہ آبپاشی نہری نظام کی کپیسٹی بڑھانے کے لئے بیراجوں کی بحالی کے پروگرام پر عمل درآمد کروارہا ہے جس کی بدولت نہری نظام عصرِ حاضر کی آبی ضروریات پوری کرنے کے قابل ہو سکے گا۔

متعلقہ عنوان :