وفاقی محتسب نے بچوں کے اغوا کا نوٹس لے لیا ، سیکرٹری ہوم پنجاب کو نوٹس جاری

بدھ 17 اگست 2016 20:09

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 اگست ۔2016ء ) فاقی محتسب آفس لاہور کے پینل آف کمشنرز کی طرف سے سینیٹر ایس ایم ظفر کے ذریعے سیکرٹری ہوم پنجاب کو نوٹس جاری کیا گیا ہے کہ وہ انہیں رپورٹ پیش کریں کہ گزشتہ سال پنجاب میں بچوں کے ساتھ اجتماعی زیادتی اور تشدد کے کتنے کیس ہوئے ، حکومت پنجاب نے بچوں کو ایسے جرائم سے بچانے کے لیے اگر کوئی منصوبہ بنایاہے تو وہ بھی پیش کیا جائے اور پچھلے ایک سال میں ٹرائل کے لیے جو کیس بھیجے گئے ان کا کیا نتیجہ نکلا۔

وفاقی محتسب آفس کی ہدایت کے مطابق پنجاب حکومت یہ رپورٹ سینیٹر ایس ایم ظفر کو بھیجے گی تاکہ اسے 19 اگست 2016یا اس سے قبل چیف صوبائی کمشنر برائے چلڈرن وفاقی محتسب آفس کو پیش کیا جا سکے ۔ رپورٹ ملنے کے بعد اگرضروری محسوس ہوا تو کمشنرز پینل انسانی حقوق کی تنظیموں اور پنجاب میں بچوں کی حفاظت کے بیورو کو بھی بلائے گا تاکہ وہ اس سلسلہ میں وفاقی محتسب آفس کی معاونت کریں اسی طرح دوسری انسانی حقوق کی تنظیموں اور سرکاری نمائندوں کو بھی دعوت دی جائے گی کہ آئیں اور اپنا موقف بیان کریں تاکہ اس برائی کے خاتمہ کے لیے پالیسی تشکیل دی جاسکے۔

(جاری ہے)

وفاقی محتسب آفس سے جاری نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ بدقسمتی سے چار سے تیرہ سال کی عمر کے بچوں کے اغوا ، جنسی زیادتی اور جسمانی تشدد کے واقعات سامنے آئے ہیں جیساکہ قصور اور کوٹ ادو میں پیش آنے والے واقعات ہیں اور ان واقعات کو میڈیا نے بھی رپورٹ کیاہے ۔ نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ باوجود اس کے کہ سپریم کورٹ نے بھی اس اہم مسئلہ پر ازخود نوٹس لیا ہے جو بچوں کی حفاظت اور قانون کی عمل داری سے متعلق ہے لیکن کمشنر ز چائلڈ نے وفاقی محتسب کے اختیارات کو استعمال کرتے ہوئے اس گھمبیر مسئلہ کا نوٹس لیا ہے تاکہ اس کے حل کے لیے کوئی واضع پالیسی تشکیل دی جا سکے۔

متعلقہ عنوان :