20 اگست کا دھرنا پرامن ہوگا،شہداء کے خون کا قصاص لے کر رہیں گے، پاکستان عوامی تحریک

بدھ 17 اگست 2016 19:45

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔17 اگست ۔2016ء) پاکستان عوامی تحریک جنوبی پنجاب کے صدر چوہدری فیاض احمد وڑائچ نے کہا ہے کہ پرامن احتجاج ہمارا آئینی و قانونی حق ہے اور یہ حق ہم سے کوئی نہیں چھین سکتا۔تحریک قصاص کا مقصد شہداء ماڈل ٹاؤن کے خون کا بدلہ لینا ہے جس کا حکم قرآن مجید میں اﷲ تعالیٰ نے خود دیا ہے اور اس کیلئے پاکستان میں قانون بھی موجود ہے۔

20 اگست کو ملتان میں ہونیوالا دھرنا پرامن ہوگا،جس میں ہزاروں کی تعداد میں مرد و خواتین شرکت کریں گے۔کسی کے پتلے جلانا اور کسی پر ناجائز تنقید کرنا ہماری سیاسی تربیت کا حصہ نہیں ہے۔ہم فقط اپنے شہداء کے لئے انصاف مانگتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک پر دھرنا سیاست کا الزام لگانے والے بتائیں کہ کیا اس ملک میں انصاف مانگنا جرم ہے؟اگر حکمران سانحہ ماڈل ٹاؤن میں ملوث نہیں اور اپنے آپ کو بے گناہ سمجھتے ہیں تو پھر وہ تحریک قصاص سے خوفزدہ کیوں ہیں؟اگر حکمرانوں کے ہاتھ صاف ہیں تو پھر وہ پانامہ لیکس کا جواب کیوں نہیں دیتے؟۔

(جاری ہے)

حکمرانوں کے گول مول جواب اور تحریک قصاص کا خوف ثابت کرتا ہے کہ انہیں اپنے انجام کی خبر ہے جس سے بچنے کی وہ ناکام کوشش کررہے ہیں۔مگر ہم شہداء کے قصاص سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔وہ دن دور نہیں جب یہ قاتل حکمران پھانسی کے پھندے پر ہونگے اور شہداء ماڈل ٹاؤن کو انصاف ملے گا۔انہوں نے کہا کہ تحریک قصاص انصاف کیلئے جدوجہد کی پرامن تحریک ہے۔اگر اس پرامن تحریک میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی گئی تو حالات کے ذمہ دار قاتل حکمران ہونگے۔اجلاس میں ڈاکٹر زبیر اے خان،چوہدری قمر عباس دھول،راؤ عارف رضوی،راؤ وقاراحمد،میجر محمد اقبال چغتائی،مہر فدا حسین،عمردین سعیدی اور دیگر نے شرکت کی۔