پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر نے 22اگست کو پارلیمانی پارٹی کا اجلاس طلب کر لیا

وقت آ گیا ہے کرپشن، ٹیکس چوری اور منی لانڈ رنگ کرنے والوں والوں کا احتساب کیا جائے، میاں محمود الر شید 3 ستمبر کا دن حکمرانوں پر بھاری ،خود کو خاندان سمیت احتساب کیلئے پیش کردیں، پنجاب اسمبلی میں میڈیا سے بات چیت

بدھ 17 اگست 2016 19:35

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔17 اگست ۔2016ء) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور تحریک انصاف کے مرکزی رہنما ء میاں محمود الر شید نے22اگست کو پارلیمانی پارٹی کا اجلاس طلب کر لیا جس میں تحریک احتساب کے پنجاب میں آغاز کے سلسلے میں مشاورت کی جائے گی، اجلاس میں صوبے بھر سے تحریک انصاف کے ایم پی ایز شرکت کرینگے اور احتجاجی تحریک سے متعلق تبادلہ خیال کیا جائیگا۔

علاوہ ازیں پنجاب اسمبلی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے میاں محمود الر شید نے کہا کہ وقت آ گیا ہے کرپشن، ٹیکس چوری اور منی لانڈ رنگ کرنے والوں والوں کا احتساب کیا جائے،3 ستمبر کا دن حکمرانوں کیلئے بھاری ثابت ہو گا، حکمرانوں کے پاس ابھی بھی وقت ہے خود کو خاندان سمیت احتساب کیلئے پیش کردیں، اب یہ تحریک رکنے والی نہیں۔

(جاری ہے)

پوری قوم جانتی ہے کہ حکمران خاندان ٹیکس چوری، کرپشن اورمنی لانڈ رنگ میں ملوث ہے ، پوری دنیا کا میڈیا اپنی رپورٹیں شائع کر چکا ہے اور اگر یہ غلط ہیں تو حکومت ان کیخلاف کارروائی کیوں نہیں کر تی؟ بچوں کے اغوا ء کے واقعات سے متعلق ایک سوال کے جواب میں اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ یہ نہایت سنجیدہ معاملہ ہے بچوں کے اغواء کی وارداتیں روکنے کیلئے سخت قانونی سازی کرنی چاہئے اور بچوں کیخلاف جرائم کے مرتکب ملزمان کو سخت ترین سزا ملنی چاہئے۔