آزادکشمیر کو انوائرنمنٹل فرینڈلی سٹیٹ بنائیں گے،راجہ محمد فاروق حیدر خان

جنگلات کے ذریعے ماحولیاتی آلودگی کو ختم ، منگلا ڈیم کی زندگی بڑھانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں غیر قانوی قبضہ مافیہ کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائیگا،لکڑی سمگلنگ میں ملوث ملازمین کے ساتھ سختی سے نمٹیں گے، وزیراعظم آزادکشمیر

بدھ 17 اگست 2016 18:58

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 اگست ۔2016ء) وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ آزادکشمیر کو انوائرنمنٹل فرینڈلی سٹیٹ بنائیں گے،جنگلات ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔جنگلات کے تحفظ،افزائش اور فروغ کے لیے محکمہ جنگی بنیادوں پر کام کرے۔دنیامیں اسوقت سب سے بڑا مسئلہ ماحولیاتی آلودگی ہے۔

زیادہ سے زیادہ جنگلات کے ذریعے ماحولیاتی آلودگی کو ختم کیا جا سکتا ہے۔جنگلات منگلا ڈیم کی زندگی بڑھانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ جنگلات پر غیر قانوی قبضہ مافیہ کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائیگا۔لکڑی سمگلنگ میں ملوث ملازمین کے ساتھ سختی سے نمٹیں گے۔جنگلات کا تحفظ اور افزائش ہماری کمٹمنٹ ہونی چاہیے۔

(جاری ہے)

مہاراجہ کے دور میں بھی درختوں کی حفاظت کی خاطر بکروالوں کے لیے الگ راستہ متعین ہوتا تھا تاکہ جنگلات کو نقصان نہ پہنچے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز موسم برسات کی شجر کاری مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے وزیر جنگلات سردار میر اکبر خان،ممبرقانون ساز اسمبلی چوہدری شہزاد محمود ،سیکرٹری جنگلات فرحت علی میر،ڈاکٹر بشیر احمد وانی ،صدر مسلم لیگ (ن) حلقہ 2الیاس اعوان نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پر وزیر مال وبحالیات سردار فاروق سکندر،سیکرٹریز حکومت،سربراہان محکمہ جات اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

قبل ازیں وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے سراں کے مقام پر پودا لگا کر شجر کاری مہم کا افتتاح کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرا عظم آزادکشمیر نے کہا کہ جنگلات کا تحفظ اور افزائش ہماری قومی ذمہ داری ہے ۔ہمیں بحیثیت فرد اور بحیثیت قوم شجرکاری کی قومی مہم میں حصہ لینا چاہیے تاکہ اپنی آنے والی نسلوں کے مستقل کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ جنگلات سے متعلقہ قانون پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جا ئے اور آزادکشمیر سے لکڑی کی سمگلنگ کو مکمل طورپر روکا جائے۔اس سلسلہ میں محکمہ جنگلات بھرپور کمٹمنٹ کا مظاہرہ کرے ۔محکمہ جنگلات کے وقار میں اضافہ ضروری ہے ۔انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کے دیہات کو بجلی کوسستی اور وافر فراہمی یقینی بنائیں گے تاکہ لوگ جنگلات کی لکڑی کو ایندھن کے طورپر استعمال نہ کریں۔

وزیر اعظم نے محکمہ جنگلات کو ہدایت کی کہ وہ جنگلات کی اہمیت، جنگلات کی بے دریغ کٹائی اور اسکی حفاظت کے موضوع پر سیمینار منعقد کروائے جس میں محکمہ کے ریٹائرڈ آفیسران اور ماہرین کو مدعو کیا جائے تاکہ لوگوں میں اس حوالہ سے شعور اجاگر کیا جاسکے۔وزیر جنگلات سردار میر اکبر خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں جنگلات کی حفاظت پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے کیوجہ ماضی میں درخت تو لگا ئے گئے لیکن انکی حفاظت کا معقول انتظام نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے خاطر خواہ نتائج برآمد نہیں ہوسکے۔

انہوں نے کہا کہ عوامی شمولیت سے ہی شجر کاری کے قومی فریضہ کی تکمیل مکمل ہو سکتی ہے۔وزیر جنگلات نے کہا کہ میں ذاتی طورپر فیلڈ میں جاکر محکمہ کی کارکردگی کو مانیٹر کروں گا۔ محکمہ کے ملازمین کو سہولیات دی جائیں گی لیکن کام کے معاملہ پر کوئی کمپرومائز نہیں ہوگا۔ممبر آزادجموں وکشمیرقانون ساز اسمبلی چوہدری شہزاد محمود نے کہا کہ ماضی میں حلقہ 2کوپسماندہ رکھا گیا ۔

اس علاقہ میں سیاحت کے وسیع مواقع موجود ہیں لیکن سہولیات نہ ہونے کیوجہ مشکلات کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ پیرچناسی روڈ کی توسیع کریں گے جس سے سیاحت کوفروغ ملے گا اور علاقہ کی معاشی حالت بہتر ہوگی۔سیکرٹری جنگلات فرحت علی میر نے سپاس نامہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ آزادکشمیر میں واٹر شیلڈ مینجمنٹ کو عملی جامہ پہنایا جائیگا ۔نیشنل فاریسٹ پالیسی کے تحت آزادکشمیر میں بھی پالیسی مرتب کی جا رہی ہے جس کے تحت جنگلات کے تحفظ اور فروغ کو فوکس جائیگا۔

متعلقہ عنوان :