وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی مسعود خان کو آزاد کشمیر کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد

نومنتخب صدر آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے:وزیراعلیٰ

بدھ 17 اگست 2016 18:46

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔17 اگست ۔2016ء ) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے مسعود خان کو آزاد کشمیر کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔ وزیراعلیٰ نے اپنے تہنیتی پیغام میں آزاد کشمیرکے نومنتخب صدر کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نومنتخب صدر آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی اورعوام کی خوشحالی کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔

(جاری ہے)

بد ھ کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ (ن)جتنی بھاری اکثریت سے کامیاب ہوئی ہے، اسے عوام کی خدمت کی اتنی ہی بڑی ذمہ داری بھی ملی ہے اور امید ہے کہ مسعود خان آزادکشمیر کے عوام کی توقعا ت پر پورا اتریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسعود خان ایک تجربہ کار سفارتکار رہے ہیں اور انہوں نے ہمیشہ بین الاقوامی سطح پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا ہے اور وہ آئندہ بھی مسئلہ کشمیر کو اقوا م متحدہ کی قرارداد وں کے مطابق حل کرانے کیلئے آزاد کشمیر کے عوام کی ترجمانی کرتے رہیں گے۔