عیدالاضحی کے پیش نظر مویشی منڈیوں میں میڈیکل کیمپ و ڈسپنسریاں قائم کرنے کی ہدایت

بدھ 17 اگست 2016 16:28

لاہور۔17 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔17 اگست۔2016ء)حکومت پنجاب نے محکمہ لائیو سٹاک اور محکمہ صحت کو عید الاضحی کے سلسلہ میں قائم کی جانے والی مویشی منڈیوں میں میڈیکل کیمپ و ڈسپنسریاں قائم کرنے کی ہدایت کر دی ہے جبکہ کانگو وائرس کا پھیلاؤ روکنے کیلئے بھی ضروری اقدامات کا حکم دیا گیا ہے۔ فیصل آباد ڈویژنل انتظامیہ کے ترجمان نے بتایا کہ حکومت نے کانگو وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ کے خدشہ سے نمٹنے کیلئے تمام اقدامات مکمل رکھنے کی ہدایت کی ہے تاکہ عیدالاضحی کے موقع پر قربانی کے جانور خریدنے والوں کو کسی مشکل یا پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

انہو ں نے بتایا کہ چونکہ عیدا لاضحی کے موقع پر چاروں صوبوں سمیت ملک بھر کے تمام زمینی و پہاڑی علاقوں میں عید قربان پر فروخت کیلئے پالے گئے جانور شہری منڈیوں میں لائے جاتے ہیں اس لئے ان جانوروں کے ہمراہ چیچڑوں کے آنے کے خدشات کو بھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ چیچڑ کانگو وائرس کے ذریعے انسانوں کو خطرناک امراض میں مبتلا کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کانگو بخار انہی چیچڑوں سے پھیلنے والی ایک خطرناک بیماری ہے جس سے جسم میں شدید درد ، تیز بخار ، متلی و قے ، جسم پر سرخ رنگ کے نشا نات ظاہر ہونا شروع ہو جاتے ہیں اور منہ و ناک سے خون بھی بہنا شروع ہو جاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس موذی مرض کی علامات ظاہر ہوتے ہی شہری فوری طور پر قریبی ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ، مراکز صحت اور مستند ڈاکٹرز سے رجوع کریں تاکہ مرض کو پھیلنے سے روکا جا سکے۔انہوں نے بیوپاری حضرات کو بھی ہدایت کی کہ وہ چیچڑ زدہ جانوروں کو قربانی کے موقع پر فروخت کیلئے شہروں میں لانے سے گریز کریں اور ان کے خاتمہ کیلئے محکمہ لائیو سٹاک کے قریبی پوائنٹس سے رابطہ یقینی بنایا جائے۔