ایگزیکٹو ڈائریکٹر کشمیری سکینڈ نیوین کونسل سردار علی شاہنواز خان کا سردار مسعود خان کو صدر آزاد کشمیر منتخب کرنے کا خیر مقدم

امید ہے نو منتخب صدر وسیع سفارتی تجربے اور بین الاقوامی اثر رسوخ سے مسئلہ کشمیر کوبہتر انداز میں عالمی سطح پر اجاگر کرینگے،بیان

بدھ 17 اگست 2016 15:26

اوسلو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 اگست ۔2016ء) کشمیری سکینڈ نیوین کونسل کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سردار علی شاہنواز خان نے سردار مسعود خان کو صدر آزاد کشمیر منتخب کرنے کا خیر مقدم کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ نو منتخب صدر وسیع سفارتی تجربے اور بین الاقوامی اثر رسوخ سے مسئلہ کشمیر کوبہتر انداز میں عالمی سطح پر اجاگر کرینگے۔

(جاری ہے)

اپنے ایک بیان میں سردار علی شاہنواز خان نے آزاد کشمیر کے نو منتخب صدر سردار مسعود خان اور وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر خان کو اپنے منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور کہا کہ سردار مسعود خان کے صدر منتخب ہونے سے ان پر ذمہ داریاں بڑھ گئی ہیں ، پوری قوم کو ان سے توقعات وابستہ ہیں کہ یہ اپنے بین الاقوامی تعلقات اور اثر رسوخ کو تحریک آزادی کشمیر کے لیے استعمال کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کو مزید مضبوط کرینگے،نو منتخب صدر اپنے وسیع تر سفارتی تجربے سے نہ صرف کشمیر میں جاری ظلم و ستم کو دنیا کے سامنے رکھیں گے بلکہ برہا ن وانی کی شہادت کے بعد جدو جہد آزادی میں آنے والی تیزی سے بھی اقوام عالم کو آگاہ کرینگے،انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر تحریک آزادی کا بیس کیمپ ہے اس لئے وہاں کی تمام سیاسی جماعتوں کواپنے باہمی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے مسئلہ کشمیر کی مضبوطی کے لئے اپنا کر ادار ادا کرنا چاہئے۔