کشمیر ی بھارت کے جبری قبضے کی خلاف چٹان کی طرح ڈٹے ہوئے ہیں،کل جماعتی حریت کانفرنس

بدھ 17 اگست 2016 14:08

سرینگر ۔ 17 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔17 اگست۔2016ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں گرفتاریوں کی لہر کی شدید مذمت کی ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس نے اپنے ترجمان ایاز اکبر کے بیٹے سرور یعقوب کی گرفتاری پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ایاز اکبر پارمپورہ تھانے میں غیر قانونی طور پر نظر بند ہیں اور ان کے بیٹے سرور کو اپنے والد کے لیے کھانا لے جاتے وقت گرفتار کیا گیاجو انتہائی افسوسناک ہے ۔

بیان میں کہا گیا کہ کم عمر لڑکوں کی گرفتاری قابض انتظامیہ کی بوکھلاہٹ کو ظاہر کرتی ہے۔ حریت کے بیان میں کہا گیا کہ مقبوضہ علاقے کے کٹھ پتلی حکمرانوں نے اپنے بھارتی آقاؤں کے سامنے مکمل طور پر سرینڈر کر لیا ہے اور محض کرسی کے لیے وہ نہتے کشمیریوں کا خون بہا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

بیان میں کہا گیا کہ کشمیری بھارت کے جبر ی قبضے کے خلاف چٹان کی طرح ڈٹے ہوئے ہیں اور وہ دن دور نہیں جب وہ آزادی کا سورج طلوع ہوتے دیکھیں گے۔

بیان میں سرینگر ائر پورٹ اور بنگلور میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیاکہ بھارت کو اب ہر جگہ اسی طرح کے سخت احتجاج کا سامنا کرنا ہوگالہذا اسے چاہیے کہ وہ کشمیریوں کی تحریک کو سنجیدگی سے لے ورنہ یہ نہ صرف بھارت بلکہ پورے خطے کیلئے تباہ کن ہوسکتی ہے۔

متعلقہ عنوان :