شہری مون سون کے موسم میں عارضی ہوٹلوں کی غیر معیاری اشیائے خوردونوش سے اجتناب کریں، پانی ابال کر پئیں،ڈاکٹر نجیب درانی

بدھ 17 اگست 2016 13:55

اسلام آباد ۔ 17 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔17 اگست۔2016ء) محکمہ صحت کے ماہرین نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ بیماریوں سے بچنے کے لئے مون سون کے موسم میں عارضی چھپر ہوٹلوں کی غیر معیاری اشیائے خوردونوش سے اجتناب کریں ۔ڈاکٹر عارف مجید نے اے پی پی کو بتایاکہ شہریوں کو مون سون کے سیزن میں عارضی ہوٹلوں میں تلی ہوئی کھانے پینے کی اشیاء سے اجتناب کرنا چاہیے کیونکہ اس موسم میں یہ نقصان دہ ہو سکتی ہیں اور اس سے طرح طرح کی بیماریاں لاحق ہو سکتی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ شہریوں کو کھلی فضاء میں رکھی ہوئی اشیاء سے بھی گریز کرنا چاہیے کیونکہ اس میں جراثیم سرایت کرجاتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ شہریوں کو اس سیزن میں گھروں میں تیار کردہ صاف جوس پئیں۔دوسری جانب اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اور انچارج ڈینگی سرویلنس سیل ڈاکٹر نجیب درانی نے ”اے پی پی“ کو بتایا کہ مون سون کی حالیہ بارشوں کی وجہ سے مختلف وبائی امراض جیسا کہ ٹائیفائیڈ، کالایرقان، ہیپاٹائٹس، ہیضہ، پیچس اور دیگر بیماریاں پھیلنے کا خدشہ ہے اور جب بارش کا پانی سیوریج کے پانی میں مکس ہوتا ہے تو اس سے مختلف بیماریاں پھیلنے کا خدشہ ہو سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا ان بیماریوں سے بچنے کے لئے پانی کو ابال کر استعمال کیا جائے ، اپنے ہاتھوں کو صابن سے بار باردھویں، سبزی اور پھلوں کو بھی اچھی طرح دھو کر کھائیں۔ انڈرگراؤنڈ کنوؤں میں ایک چمچ بلیچنگ پاؤڈر ڈالیں تا کہ اس سے جراثیم کا خاتمہ ہو سکے۔ ڈاکٹر نجیب درانی نے کہا کہ محکمہ صحت اسلام آباد نے حالیہ بارشوں کی وجہ سے پیدا ہونے والی بیماریوں کے تدارک کے لئے شہریوں میں آگاہی ہدایات جاری کی ہیں اور اس حوالے سے محکمہ صحت اسلام آباد نے اپنی ٹیموں کو الرٹ کر دیا ہے اور انہیں ہدایت جاری کر دی گئی ہے کہ ملیریا انسپکٹر اور سینٹری انسپکٹر دیہی علاقوں میں گھروں کے باہر شہریوں میں اس حوالے سے آگاہی مہم چلائیں اور لیڈی ہیلتھ ورکرز گھروں کے اندر اس حوالے سے شہریوں کو آگاہ کریں ۔

انہوں نے کہا کہ مون سون کے کھڑے پانی کی نکاسی کا بندوبست کرنا چاہئیے ، گھروں میں کھڑے پانی اور مچھروں کی افزائش کو تلاش کر کے اس میں ٹیمی پاس کیمیکل پاؤڈر ڈالیں تا کہ لاروا مچھر میں تبدیل نہ ہو سکے۔

متعلقہ عنوان :