وزیرکھیل سندھ محمد بخش مہر کھیل جیسے شعبے پر سیاست سے گریز کریں، پش اپس کا چیلنج دینے کی بجائے اپنے محکمے کی کارکردگی پر توجہ دیں تو زیادہ بہتر ہو گا، چیلنج کرنا ہے تو محکمانہ کارکردگی کا کریں ، محمد بخش مہر اپنی نااہلی اور محکمے کی ناقص کارکردگی پر پردہ ڈالنے کیلئے اس طرح کے بیانات سے پرہیز کریں

پنجاب کے وزیرکھیل آصف سعید منہیس کا سندھ کے وزیر کھیل کے بیان پر ردعمل

پیر 15 اگست 2016 21:37

وزیرکھیل سندھ محمد بخش مہر کھیل جیسے شعبے پر سیاست سے گریز کریں، پش ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔15 اگست ۔2016ء ) صوبائی وزیرکھیل آصف سعید منہیس نے کہا ہے کہ وزیرکھیل سندھ محمد بخش مہر کھیل جیسے شعبے پر سیاست سے گریز کریں اور مجھے پش اپس کا چیلنج دینے کی بجائے اپنے محکمے کی کارکردگی پر توجہ دیں تو زیادہ بہتر ہو گا۔ اگر چیلنج کرنا ہے تو محکمانہ کارکردگی کا کریں اور میرا مشورہ ہے اس سے قبل آئینہ ضرور دیکھیں حقیقت کھل کر ان کے سامنے آ جائے گی۔

وہ اپنی نااہلی اور محکمے کی ناقص کارکردگی پر پردہ ڈالنے کے لئے اس طرح کے بیانات سے پرہیز کریں۔پیر کو اپنے ایک بیان میں آصف سعید منہیس نے کہا کہ پنجاب اس وقت کھیل کے میدان میں پورے ملک میں نمایاں حیثیت رکھتا ہے۔ سپورٹس فیسٹیول ہوں‘ انٹرپرونشل گیمز یا پھر نیشنل یا انٹرنیشنل کھیلوں کے مقابلے پنجاب نے ہمیشہ نمایاں پوزیشن حاصل کی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیرکھیل سندھ پنجاب کو چیلنج کرنے سے قبل قائد اعظم انٹرنیشنل یوتھ گیمز 2016ء کے نتائج پر نظر ڈالیں تو آئینہ اصل حقیقت دکھائے گا۔2015ء کے پنجاب نیشنل سپورٹس فیسٹول میں پنجاب پہلی پوزیشن پہ تھا اور اس نے 6گولڈمیڈل اور ایک برائن میڈل حاصل کیا جبکہ کے پی کے نے 5سلور اور ایک براؤن کے ساتھ دوسری اور سندھ ایک سلور میڈل لے کر تیسری پوزیشن پر تھا۔

2014ء کے انٹر پرونشل گیمز میں پنجاب نے 10 میڈلز حاصل کئے جن میں4گولڈ میڈل5سلور اور ایک براؤن جبکہ کے پی کے 10میڈلز کے ساتھ دوسرے اور سندھ 5 میڈلز کے ساتھ تیسرے نمبر پر تھا۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے پانچ برسوں میں پنجاب میں 4312 سپورٹس گراؤنڈاور بڑے شہروں میں 43 جمنیزیم مکمل ہو چکے ہیں اور رواں سال پنجاب میں 1000 سپورٹس گراؤنڈ بنانے کے منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے۔

اس کے علاوہ پنجاب کے بڑے شہروں میں کرکٹ سٹیڈیم اور ہاکی سٹیڈیم بھی مکمل ہو چکے ہیں اور سپورٹس یونیورسٹی کے منصوبے پر بھی کام کا آغاز ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیرکھیل سندھ بتائیں کہ انہوں نے پچھلے پانچ سالوں میں اپنے صوبے میں کھیل کے میدان میں کتنی ڈویلپمنٹ کروائی ہے۔ پنجاب نے کھیل کے میدان میں ہر سطح پر کامیابی کے جھنڈے گاڑے جا رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :