تحریک انصاف نے قومی اسمبلی وزیراعظم نوازشریف کے خلاف ریفرنس جمع کروادیا-پاناما لیکس کے بعد وزیراعظم نواز شریف صادق اور امین نہیں رہے لہذا ان کی قومی اسمبلی کی رکنیت منسوخ کی جائے اور انہیں وزارت عظمیٰ کے لئے نااہل قرار دیا جائے۔ریفرنس میں موقف

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 15 اگست 2016 18:01

تحریک انصاف نے قومی اسمبلی وزیراعظم نوازشریف کے خلاف ریفرنس جمع کروادیا-پاناما ..

اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 15اگست۔2016ء) تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈڑ شاہ محمود قریشی کی سربراہی میں وفد نے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے ملاقات کی۔ وفد میں شیریں مزاری، منزہ حسن، علی محمد، عارف علوی اور دیگر ارکان قومی اسمبلی شامل تھے۔ تحریک انصاف کے ارکان نے وزیراعظم کی نااہلی کیلئے ریفرنس جمع کرایا۔

ریفرنس میں وزیراعظم نواز شریف کو بیرون ملک جائیدادوں کی تفصیلات ظاہر نہ کرنے پر آرٹیکل 62/63 کے تحت نااہل قرار دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔تحریک انصاف کا ریفرنس دو سو سے زائد صفحات پر مشتمل ہے جس کے ساتھ مختلف دستاویز اور شواہد بھی منسلک ہیں۔ ریفرنس دائر ہوتے وقت نجی میڈیا کو اسپیکر چیمبر تک رسائی نہیں دی گئی۔ ریفرنس دائر کرنے کے بعد پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ملاقات کیلئے وقت دینے پر اسپیکر کے شکر گزار ہیں مگر انھوں نے دہرا معیار اپنایا۔

(جاری ہے)

عمران خان کیخلاف حکومتی ریفرنس دائر کرتے وقت نجی میڈیا کو اپنے چیمبر تک رسائی دی مگر آج میڈیا کو کوریج کی اجازت نہیں دی گئی۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حکومت پاناما لیکس کی تحقیقات میں سنجیدہ نہیں۔ پاناما لیکس کا انکشاف تحریک انصاف یا کسی پاکستانی جماعت نے نہیں کیا۔ وزیراعظم کے خلاف ریفرنس آرٹیکل 63 کی ذیلی شق دو کے تحت دائر کیا گیا ہے۔

ریفرنس دائر کرنے کی منظوری تحریک انصاف کے پارلیمانی پارٹی نے دی تھی۔ ایک سوال پر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سڑکوں پر احتجاج کا فیصلہ اپوزیشن کی جماعتوں سے مشارت سے کیا گیا کیونکہ ٹی او آرز پر حکومت اور اپوزیشن کی8 نشستیں بے سود ثابت ہوئیں۔ حکومت نے اب بھی دعوت دی تو اپوزیشن کے ٹی او آرز پر بات ہو سکتی ہے۔ شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اجلاس منگل کی شام بنی گالہ میں ہو رہا ہے جس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔