الیکشن کمیشن نے محمود خان اچکزئی کو یکم ستمبر کو طلب کر لیا، نوٹس جاری

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 15 اگست 2016 12:56

الیکشن کمیشن نے محمود خان اچکزئی کو یکم ستمبر کو طلب کر لیا، نوٹس جاری

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔15 اگست 2016ء) : ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی کو الیکشن کمشین نے یکم ستمبر کو طلب کر لیا ہے ، محمود خان اچکزئی کی الیکشن کمیشن میں طلبی کا نوٹس بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن میں محمود کمال نامی ایک عام شہری نے فوج کے خلاف متنازعہ بیان دینے اور تقریر کرنے پر الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کی جس میں محمود خان اچکزئی کو نااہل قرار دینے کی استدعا کی گئی۔

درخواست میں شہری نے موقف اختیار کیا کہ محمود خان اچکزئی نے فوج کو نشانہ بنایا، آئین کے آرٹیکل 19 کے تحت پاکستان کی مسلح افواج پر الزام تراشی نہیں کی جا سکتی۔ محمود خان اچکزئی اس سے قبل بھی ایک انٹرویو میں خیبر پختونخواہ کو افغانستان کا حصہ قرار دے چکے ہیں۔

(جاری ہے)

درخواست میں مزید کہا گیاکہ محمود خان اچکزئی نے ملکی وحدت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی لہٰذا انہیں نا اہل قرار دیا جائے۔

چیف الیکشن کمشین کی سربراہی میں بنچ نے اس درخواست پر سماعت کی جس کے بعد درخواست گزار کا موقف سننے کے بعد مزید سماعت کو 17 اگست تک ملتوی کر کے محمود خان اچکزئی کو یکم ستمبر کے لیے الیکشن کمیشن میں طلبی کا نوٹس جاری کردیا ہے۔ خیال رہے کہ سانحہ کوئٹہ پر محمود خان اچکزئی نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے پاک فوج اور آئی ایس آئی کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔