اوول ٹیسٹ میں کامیابی کے باوجود گرین شرٹس رینکنگ میں تیسرے نمبر پر

پیر 15 اگست 2016 12:27

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔15 اگست۔2016ء) انگلینڈ کے خلاف اوول ٹیسٹ میں شاندار کامیابی کے باوجود پاکستان کرکٹ ٹیم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) کی ٹیسٹ رینکنگ میں بدستور تیسرے نمبر پر ہے۔ آئی سی سی نے پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ سیریز ختم ہونے کے بعد تازہ ترین آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ کا اعلان کردیا جس کے مطابق انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز 2-2 سے برابر کرنے کے باوجود ٹیسٹ رینکنگ میں 111 پوائنٹس کے ساتھ پاکستان کی تیسری پوزیشن برقرار رہے جبکہ انگلینڈ 108 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر موجود ہے۔

پاکستان نے 14 اگست یوم آزادی کے موقع پر انگلینڈ کو اوول ٹیسٹ میں شکست دے کر قوم کو یوم آزادی کا تحفہ دیا تھا، گرین شرٹس نے چوتھے ٹیسٹ میں 10 وکٹوں کے بڑے مارجن سے کامیابی حاصل کرکے سیریز 2-2 سے برابر کردی تھی۔

(جاری ہے)

البتہ پاکستان کے پاس اب بھی آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر پہنچنے کا امکان موجود ہے، اگر سری لنکا ٹیسٹ سیریز میں عالمی چیمپیئن آسٹریلیاکے خلاف 0-2 سے کامیابی حاصل کرلے یا ویسٹ انڈیز اور بھارت کے درمیان ٹیسٹ سیریز برابر ہوجائے، تو پاکستان ٹیسٹ رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر آسکتا ہے۔

پاکستان کا عالمی درجہ بندی میں نمبر ون ٹیم بننے کا انحصار سری لنکا کی آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کی ہندوستان کے خلاف فتح پر ہے، پاکستان نے آخریی بار 2003 میں دنیا کی نمبر ون ٹیسٹ ٹیم بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔پاکستان گزشتہ برس متحدہ عرب امارات میں انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیتنے کے بعد دوسرے نمبر پر تھا۔ادھر آسٹریلیاکو اپنی رینکنگ بچانے کے لیے سری لنکا کے خلاف ہر صورت کامیابی اور ویسٹ انڈیز کو ہندوستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز ڈرا کرنا ہوگا جبکہ ہندوستان کو پہلی پوزیشن تک رسائی کے لیے ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز جیتنی ہوگی۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق آسٹریلیا 118 پوائنٹس کے ساتھ پہلے، ہندوستان 112 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، پاکستان 111 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے، انگلینڈ 108 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے، نیوزی لینڈ 99 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں، جنوبی افریقا 92 پوائنٹس کے چھٹے، سری لنکا 85 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں، ویسٹ انڈیز آٹھویں، بنگلہ دیش 57 پوائنٹس کے ساتھ نویں اور زمبابوے 8 پوائنٹس کے ساتھ دسویں نمبر پر ہے۔۔