وزیراعلیٰ شہبازشریف سے ہیلی کاپٹر کے پائلٹس اور دیگر عملے کی ملاقات ، بحفاظت وطن واپسی پر مبارکباد

پائلٹس اور دیگر عملے کی محفوظ واپسی کسی معجزے سے کم نہیں ، بحفاظت واپسی پر اﷲ کا شکربجالاتے ہیں‘شہبازشریف محفوظ وطن واپسی آپ کے اہل خانہ اور قوم کی دعاؤں کا نتیجہ ہے،اﷲ تعالیٰ نے آپ کو نئی زندگی دی ہے،بحفاظت وطن واپسی پر وزیراعظم،وزیراعلیٰ، آرمی چیف اور متعلقہ اداروں کی کاوشوں پر شکرگزار ہیں‘پائلٹس و عملہ

اتوار 14 اگست 2016 17:31

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔14 اگست ۔2016ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے آج یہاں افغانستان کے علاقے لوگر سے بحفاظت وطن واپس آنے والے حکومت پنجاب کے ہیلی کاپٹر کے پائلٹس اور دیگر عملے نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے بحفاظت وطن واپسی پرپائلٹس، عملے اور ان کے اہل خانہ کو مبارکباد دی۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہیلی کاپٹر کے پائلٹس اور دیگر عملے کی محفوظ واپسی کسی معجزے سے کم نہیں ہے اور ہم عملے کی بحفاظت وطن واپسی پر اﷲ کا شکر ادا کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یوم آزادی کے موقع پر آپ کی بحفاظت وطن واپسی نے آزادی کی خوشیوں کو دوبالا کر دیا ہے۔ آپ کی وطن واپسی آپ کے اہل خانہ اور پوری قوم کی دعاؤں کا نتیجہ ہے۔اﷲ تعالیٰ نے آپ کو نئی زندگی دی ہے اور اس پر اﷲ کا جتنا بھی شکر ادا کیا جائے کم ہے۔

(جاری ہے)

انہو ں نے کہا کہ ہیلی کاپٹر کے عملے نے نامساعد حالات میں بھی ہمت نہیں ہاری اور حوصلے سے کام لیا۔

وزیراعلیٰ نے ہیلی کاپٹر کے عملے کو سیلاب اور دیگر آفات میں خدمات سرانجام دینے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی بحفاظت واپسی انہی خدمات کا نتیجہ ہے ۔ پائلٹس اور عملے نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وطن واپسی پر وزیراعظم نوازشریف،وزیراعلیٰ شہبازشریف، آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور متعلقہ اداروں کی کاوشوں پر شکرگزار ہیں اوربحفاظت واپسی پر وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کی کوششوں پر خصوصی شکریہ ادا کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری بحفاظت واپسی شہبازشریف کی پنجاب کے غریب عوام کی خدمت کا ثمر ہے۔آپ نے ہماری غیر موجودگی میں ہمارے اہل خانہ سے ملاقات کرکے ان کا حوصلہ بڑھایا۔ پائلٹس کے اہل خانہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف اپنے فرض سے بڑھ کر کام کرتے ہیں، اسی لئے ہمیں پورا یقین تھا کہ ہمارے گھر والے ضرور بحفاظت وطن واپس پہنچیں گے۔ ہیلی کاپٹر کے پائلٹس نے وزیراعلیٰ کو واقعہ کی پوری تفصیلات سے آگاہ کیا۔

وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں چیف پائلٹ کرنل (ر) صفدر حسین، پائلٹ کرنل (ر) شفیق الرحمن، کوپائلٹ میجر (ر) صفدر، فلائٹ انجینئر کرنل (ر) ناصر، کریو انچارج حوالدار (ر) کوثر اور ان کے اہل خانہ شامل تھے۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری شمائل احمد خواجہ اور سیکرٹری داخلہ میجر (ر) اعظم سلیمان بھی اس موقع پرموجود تھے۔

متعلقہ عنوان :