14 اگست کے موقع پر وزیر اعظم کی قوم کو یوم آزادی کی مبارکباد

یوم آزادی ریاستی جبر کا مقابلہ کرنیوالے اہل کشمیر کے نام کرتاہوں،شہدائے کوئٹہ کا غم ابھی تازہ ہے ، وزیراعظم

اتوار 14 اگست 2016 13:33

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔14 اگست ۔2016ء) وزیراعظم نواز شریف نے قوم کو یوم آزدی کی مبارکباددیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سال 14اگست کا دن روایتی مسرت کے ساتھ دکھ کے گہرے احساس کوبھی اپنے اندر سمیٹے ہوئے ہے۔کوئٹہ کے شہدا کا غم ابھی تازہ ہے، وزیراعظم نے کہا کہ میں اس سال 14اگست کو آزادی کشمیر کے نام کرتاہوں، ان اہل کشمیر کے نام کرتاہوں جنہوں نے ریاستی جبر کا مقابلہ کیا مگر آزادی کے جذبے کو زندہ رکھا۔

وزیراعظم نوازشریف کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا کہ آج ہم ان شہدا کو بھی یاد کررہے ہیں ان شہدا کو بھی یادکررہے ہیں جنہوں نے اس آزادی کو قائم رکھنے کے لیے جانوں کا نذرانہ دیا۔یہ دن پاکستانی قوم کے اس عزم کے ساتھ طلوع ہورہاہے کہ پاکستان اللہ کے فضل سے ہمیشہ قائم رہے گا، 1965کا جذبہ آج بھی پوری آب وتاب کے ساتھ زندہ ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نواز شریف نے کہا جب پاکستان کی افواج اور عوام نے ایک ساتھ دشمن کا سامنا کیاان دنوں مقبوضہ کشمیر میں آزدی کا جذبہ اپنے عروج پر ہے، اہل کشمیر کی نئی نسل نے ایک نئے جذبے کے ساتھ آزادی کا علم اٹھایاہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ آزادی کا حصول جتنا مشکل ہے اس کی حفاظت اس سے زیادہ مشکل ہے، قائد اعظم کی قیادت نہ ہوتی تو پاکستان کا قیام ممکن نہ ہوتا، ہماری افواج، سلامتی کے ادارے پولیس اور عوام اس کے لیے خون نہ دیتے تو اس کی بقااور سلامتی ممکن نہ ہوتی۔