وزیراعلیٰ سندھ اور گورنر نے کراچی میں کے 4منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا

یوم آزادی کے موقع پر کے 4منصوبے کا سنگ بنیاد خوش آئندہ ہے،اگلے سال 14اگست سے قبل منصوبے کے فیز2کا افتتاح کریں گے، منصوبے مکمل کرکے سندھ حکومت کی رٹ بحال کریں گے،مرادعلی شاہ

اتوار 14 اگست 2016 13:19

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔14 اگست ۔2016ء) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے کراچی میں کے 4منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ یوم آزادی کے موقع پر کے 4منصوبے کا سنگ بنیاد خوش آئندہ ہے،اگلے سال 14اگست سے قبل منصوبے کے فیز2کا افتتاح کریں گے، منصوبے مکمل کرکے سندھ حکومت کی رٹ بحال کریں گے۔

اتوار کو وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ اور گورنر سندھ عشرت العباد نے (K4)منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا،تقریب میں صوبائی کابینہ،ایف ڈبلیو او کے افسران بھی شرکت کی اور کراچی کو پانی کی فراہمی کے منصوبے کے 4کا ٹھیکہ ایف ڈبلیو او کو دیا گیا ہے،سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ یوم آزادی کے موقع پر کے 4منصوبے کا افتتاح کرنا خوش آئند ہے،کے 4منصوبے کو 2سال میں مکمل کریں گے،منصوبے کیلئے50فیصد رقم وفاقی حکومتی اداکرے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کراچی میں پانی کی یومیہ طلب ایک ہزار ملین گیلن ہے،اگلے سال14سے پہلے منصوبے کے فیز2کا بھی افتتاح کریں گے کیونکہ کے 4منصوبہ کراچی کے شہریوں کو نئی امید دے گا۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کراچی کیلئے10ارب روپے کے پیکج پر تیزی سے کام جاری ہے اور کراچی کیلئے 19سے 14منصوبوں کی منظوری دے چکے ہیں،ستمبر میں کراچی کے میگا منصوبوں پر کام تیزی سے شروع ہوجائیگا،منصوبے مکمل کرکے سندھ حکومت کی رٹ بحال کرکے دکھائیں گے،اسی موقع پر گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے کہا کہ شہر میں پانی کی کمی کے علاوہ اور بھی مسائل ہیں،کے 4منصوبے کراچی والوں کیلئے بہت بڑا تحفہ ہے۔(خ م)