وزیر اعلیٰ بلوچستان کا دہشتگردی کیخلاف جنگ جاری رکھنے کا عزم

سانحہ سول ہسپتال کے شہدا کی قربانیوں کو فراموش نہیں کریں گے، ثناء اﷲ زہری کا پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب

اتوار 14 اگست 2016 13:18

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔14 اگست ۔2016ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اﷲ زہری نے بلوچستان اسمبلی میں پرچم کشائی کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ سانحہ سول ہسپتال کے شہدا کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔آخری دہشت گرد تک جنگ جاری رہے گی۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اﷲ زہری نے بلوچستان اسمبلی کے سبزہ زار میں پرچم کشائی کی۔

اس موقع پر کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض اور آئی جی ایف سی میجر جنرل شیر افگن بھی تقریب میں شریک تھے۔ تقریب میں محمود خان اچکزئی ، سپیکر راحیلہ درانی اور صو بائی وزراء سمیت اراکین اسمبلی اور مختلف سکولز کے بچے بھی تقریب میں شریک تھے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ سانحہ سول ہسپتال کے شہدا کی قربانی فراموش نہیں کریں گے۔

(جاری ہے)

شہدا کے لواحقین کے ساتھ ہیں ، بلوچستان پاکستان کا دل ہے اور اس کی ڈھرکن یہاں کی عوام ہے جو آج جشن آزادی کا دن پورے جوش و جذبے سے منا رہے ہیں۔ دہشت گردوں کا دلیری سے مقابلہ کیا ہے ، آخری دہشت گرد تک جنگ جاری رہے گی۔ صوبے بھر میں سانحہ سول ہسپتال کے باعث آزادی کی تقریبات سادہ اور پروقار طریقے سے منائی گئی ۔ اس سے قبل کینٹ میں 21 توپوں کی سلامی سے دن کا آغاز کیا گیا۔ سیکورٹی خدشات کے پیش نظر صوبے بھر میں موبائل فون سروس معطل رہی ۔

متعلقہ عنوان :