ملکی معیشت میں بہتری کیلئے امریکا میں مقیم پاکستانیوں کا کردار لائق تحسین ہے،حکومت ملکی ترقی اورخوشحالی کی منزل کے حصول کیلئے پرعزم ہے ، پاکستانی تارکین وطن ملک کے مثبت تشخص کو اجاگرکرنے کیلئے اپنی کاوشیں جاری رکھیں

وزیراعظم محمد نواز شریف کا امریکا میں منعقدہ پاکستان فیسٹیول کے موقع پر پیغام

اتوار 14 اگست 2016 13:12

اسلام آباد ۔ 14 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔14 اگست ۔2016ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے ملکی معیشت میں بہتری کیلئے امریکا میں مقیم پاکستانیوں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت ترقی اورخوشحالی کی منزل کے حصول کیلئے پرعزم ہے ، پاکستانی تارکین وطن ملک کے مثبت تشخص کو اجاگرکرنے کیلئے اپنی کاوشیں جاری رکھیں۔ ملک کے 70ویں یوم آزادی کے موقع پر امریکا میں منعقدہ پاکستان فیسٹیول کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ اس قسم کے میلوں کے انعقاد سے نوجوان نسل کوپاکستان کی روایات ،مضبوط ثقافتی ورثہ اورقوم کیلئے اس کے مستقبل کو محفوظ بنانے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہی ہوتی ہے ۔

وزیراعظم نے پاکستان فیسٹیول یو ایس اے کے منتظمین کو دلی مبارکباد پیش کی اورکہاکہ ہر سال اس تقریب کا کامیابی سے انعقاد ایک اعزاز اور فخر ہے ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ گذشتہ 30 سال سے تسلسل کے ساتھ ہر سال یہ فیسٹیول منایا جاتا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ یوم آزادی مناتے ہوئے گذشتہ تین سال کی کامیابیوں پر تمام پاکستانیوں کو فخر محسوس کرنا چاہئے جس میں ہماری معیشت واپس پٹڑی پر آئی ، دہشت گردی کے واقعات میں نمایاں کمی ہوئی اور وہ دن دور نہیں جب قوم کوانتہا پسندی کی اس لعنت سے چھٹکارہ ملے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی معاشی ترقی کا اعتراف کرتے ہوئے امریکی ادارے گلوبل انڈیکس پرووائیڈر(ایم ایس سی آئی ) نے جون میں پاکستان کی ایمرجنگ مارکیٹس میں نمایاں بہتری کا اعلان کیا ، اس سے پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا۔ وزیراعظم نے کہا کہ کئی رکاوٹوں کے باوجود حکومت نے یہ معاشی اہداف حاصل کئے ہیں، یہ پاکستانی تارکین وطن اور ملک میں بسنے والے عوام کی مدد اورتعاون کے بغیر ناممکن تھا۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی عدم استحکام کی کوششوں کے باوجود حکومت قوم کی ترقی اورخوشحالی کے اہداف کے حصول کیلئے پرعزم ہے ۔ وزیراعظم کہاکہ اگر ہماری معیشت میں بہتری آرہی ہے تو انہیں یہ کہنے میں کوئی عار نہیں کہ یہ ہمارے پاکستانی تارکین وطن بھائیوں کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں تھا جو کہ پاکستان کے غیرملکی زرمبادلہ کا اہم ذریعہ ہیں، تمام پاکستانی نژاد امریکی اس کیلئے اپنا نمایاں حصہ ڈال رہے ہیں جو کہ قابل ستائش ہے ۔

وزیراعظم نے کہا کہ تعلیم اورصحت کے شعبوں میں ان لوگوں کا بڑا اہم کردار ہے اور ہم اس کو سراہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی تارکین وطن پاکستان اورامریکا کے درمیان باہمی تعلقات کے فروغ کیلئے اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں ایک مکمل جمہوری حکومت کام کررہی ہے اورقائداعظم محمد علی جناح کے خواب کے تصور کے مطابق ملک کو خوشحالی کے راستے پر گامزن کرنے کیلئے کوشاں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ترقی اورخوشحالی کے راستے پر گامزن کرنے کیلئے امریکا میں موجود پاکستانیوں کا کردار اہم ہے ۔ انہوں نے اس فیسٹیول کے انعقاد پر منتظمین اورامریکا میں مقیم پاکستانی برادری کو مبارکباد دی۔