ملک بھر میں 70واں یوم آزادی جشن ملی و جذبے کے ساتھ منایا گیا ٗتمام چھوٹے بڑے شہروں میں تقریبات ٗ شاندار آتش بازی کا مظاہرہ

دہشتگردی کے خلاف جنگ میں شہید جوانوں اور دہشتگردانہ واقعات میں شہداء کے ایصال ثواب اور وطن کی سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں کشمیریوں کی اخلاقی ٗ سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا ٗ عالمی برادری سے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کا نوٹس لینے کا مطالبہ

اتوار 14 اگست 2016 13:07

اسلام آباد/لاہور /مظفر آباد /گلگت /پشاور /کوئٹہ /کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔14 اگست ۔2016ء) آزاد کشمیر ٗ گلگت بلتستان سمیت ملک بھر میں 70واں یوم آزادی جشن ملی و جذبے کے ساتھ منایا گیا اسلسلے میں ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں تقریبات کا انعقاد کیاگیا ٗوفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21توپوں کی سلامی دی گئی ٗیوم آزادی کے موقع پر ملک بھر میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ٗ حساس عمارتوں اضافی سکیورٹی گارڈ تعینات کئے گئے ٗ کسی نا خوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے موبائل فون سروس بھی کئی گھنٹے معطل رہی ٗ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں شہید ہونے و الے جوانوں اور دہشتگردانہ واقعات میں شہداء کے ایصال ثواب اور وطن کی سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں جبکہ کشمیریوں کی اخلاقی ٗ سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق یوم آزادی کے دن ملک بھر میں نماز فجر کے بعد ملکی سلامتی ، ترقی اور استحکام کیلئے خصوصی دعائیں بھی کی گئی۔ دن کے آغاز پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31توپوں کی سلامی دی گئی۔ ٹرپل ون بریگیڈ کے کمانڈربریگیڈیئرعرفان تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ صوبہ پنجاب کے دارلحکومت لاہورمیں 21توپوں کی سلامی دی گئی اس موقع پر فضاتکبیر کے نعروں سے گونج اٹھی۔

یوم آزادی کیموقع پرپشاور میں بھی 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ یوم آزادی پرتوپوں کی سلامی کی یہ تقریب کینٹ کے پانڈوسٹیڈیم میں کی گئی۔ کراچی میں بھی دن کاآغاز 21 توپوں کی سلامتی سے کیا گیا اور کوئٹہ میں بھی یوم آزادی پر کینٹ میں 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ اسلام آباد کے کنونشن سینٹر میں جشن آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی مرکزی تقریب ہوئی جس میں صدرممنون حسین، وزیراعظم نوازشریف، آرمی چیف جنرل راحیل شریف اوراسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بھی شرکت کی جس سے صدر مملکت نے خطاب کیا تقریب میں ملی نغمے پیش کئے گئے جس کے بعد صدر مملکت ٗ وزیر اعظم اور آرمی چیف لوگوں میں گھل مل گئے ٗکراچی میں بھی یوم آزادی سترواں جشن آزادی قومی جوش وجذبے کے ساتھ منایا گیا کراچی میں جشن آزادی کی تقاریب کاآغاز مزارقائد پرگارڈز کی تبدیلی سے ہوا۔

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اورگورنرسندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے مزارقائد پرحاضری دی اور پھولوں کی چادرچڑھائی۔مزار قائد پر گارڈ کی تبدیلی کی تقریب ہوئی جس میں نیول اکیڈمی کے کیڈیٹس نے گارڈز زمہ داریاں سنبھال لیں، وزیراعلیٰ اورگورنر سندھ نے بانیان پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا۔لاہور میں جشن آزادی کی تقریبات بھرپورجوش و خروش سے سارا دن جاری رہیں اور یوم آزادی کے جشن کا آغاز محفوظ شہید گریژن میں اکیس توپوں کی سلامی کے ساتھ ہوا۔

وزیراعلی پنجاب میاں شہباز شریف نے نے پرچم کشائی کی اس موقع پر انہوں نے کہاکہ ہم محنت، عمل اور دیانت سے ایک دن اس ملک کو قائد اعظم اور علامہ اقبال کا پاکستان بنانے میں کامیاب ہوجائیں گے۔وزیراعلی پنجاب نے پرچم کشائی کے بعد مزار اقبال پر حاضری دی، اس سے قبل مزاراقبال پرگارڈز کی سادہ مگر پر وقار تقریب میں پاک فوج کے چاق وچوبند دستے نے گارڈ کے فرائض سنبھال لئے،مہمان خصوصی میجر جنرل طارق امان نے مزار پر حاضری دی اور مہمانوں کی کتاب میں تاثرات درج کئے۔

ملک بھر کی طرح پشاور میں بھی جشن آزادی ملی جوش و جذبے سے منایاگیا پاک فوج کے دستے نے توپوں کی سلامی کے ساتھ یوم ازادی کی تقریبات کا آغاز کیا ٗ پاک فوج کے جوانوں نے پاکستان زندہ باد اور اﷲ اکبر کے نعرے بھی لگائے۔یوم آزادی کی مرکزی تقریب سول سیکریٹریٹ میں منعقد ہوئی جس میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے پرچم کشائی کی۔تقریب سے خطاب میں پرویزخٹک کا کہنا تھا کہ پاکستان کو آئینی اورسیاسی جدوجہد کی بڑی قربانیوں کے بعد حاصل کیا گیا ہے، بدقسمتی سے ہمیں جو نظام ملاوہ مخصوص ٹولے کے مطابق اور قوم کے استحصال کاباعث ہے۔

گورنر ہاوس میں بھی پرچم کشائی کی تقریب ہوئی جس میں گورنر اقبال ظفرجھگڑا مہمان خصوصی تھے اور اس موقع پر سانحہ کوئٹہ کے شہداء کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہاکہ فاٹا اصلاحات تقریباً مکمل ہو چکے ہیں اور جلد ہی فاٹا کے عوام کو خوشخبری سنائیں گے۔ گورنر نے یوم آزادی کے موقع پرپاک فوج اور عوام کوخراج تحسین پیش کیا۔

کوئٹہ میں پرچم کشائی کی مرکزی تقریب بلوچستان اسمبلی میں منعقد ہوئی، تقریب میں وزیر اعلیٰ بلوچستان، کمانڈر سدرن کمانڈ سمیت اعلی سول و عسکری قیادت نے شرکت کی۔تقریب کے دوران وزیر اعلیٰ بلوچستان ثناء اﷲ زہری نے پرچم کشائی کی اور پولیس کے دستے نے سلامی پیش کی ٗتقریب میں ایک منٹ تک سائرن بجایا گیا اور حاظرین نے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی، تقریب کے دوران بچے اور بچیوں نے خوبصورت ملی نغمے بھی پیش کیے۔

اسی طرح آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں جش آزادی کے حوالے سے تقریبات کا انعقاد کیا گیا تقریبات میں بھارتی فورسز کی وحشیانہ تشدد اور جارحیت سے شہید ہونے والے کشمیریوں بھائیوں کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں اس موقع پر ایک بار پھر عزم دہرایا گیا کہ کشمیریوں کی اخلاقی ٗ سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رہے گی دوسری جانب ملک بھر میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے حساس علاقوں اور عمارتوں پر اضافی سکیورٹی اہلکار تعینات کئے گئے اور کسی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے چالیس سے زائد شہروں میں موبائل فون سروس کئی گھنٹے معطل رہی ۔