دہشتگردی میں شہید وں کے لہو کا ایک ایک قطرہ قرض ہے ٗ سانحہ کوئٹہ کے متاثرین خود کو تنہا نہ سمجھیں ٗصدر ممنون حسین

یقین ہے آخری کاری ضرب لگا کر دہشتگردوں کا ہمیشہ کیلئے خاتمہ کردیں گے ٗکشمیری بھائیوں کی سیاسی ٗاخلاقی اور سفارتی حمایت اور مدد جاری رکھیں گے ٗبدی کی قوتوں کو سرنگوں کرکے اپنے وطن کو اندھیروں سے پاک کرنے کیلئے قوم متحد ہوجائے ٗ قوم کی بیٹیاں علم و ہنر کی دولت سے مالا مال ہوکر ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں گی ٗنوجوانوں کے جوش و جذبے کو جذبہ تعمیر میں بدلنے کی ضرورت ہے ٗیوم آزادی پر کشمیری بھائیوں کو بھولنا نہیں چاہیے ٗ پرچم کشائی کی مرکزی تقریب سے خطاب

اتوار 14 اگست 2016 13:05

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔14 اگست ۔2016ء) صدرمملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ دہشتگردی میں شہید ہونے والوں کے لہو کا ایک ایک قطرہ ہم پر قرض ہے ٗ سانحہ کوئٹہ کے متاثرین خود کو تنہا نہ سمجھیں ٗآپریشن ضرب عضب آخری مراحل میں ہے ٗنیشنل ایکشن پلان کے تحت آپریشن ضرب عضب کے نتائج حوصلہ افزا ہیں ٗدہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم مسلح افواج کے شانہ بشانہ ہے ٗدیدہ اور نادیدہ دشمن کو بھاگنے نہیں دیاجائیگا ٗ یقین ہے آخری کاری ضرب لگا کر دہشتگردوں کا ہمیشہ کیلئے خاتمہ کردیں گے ٗکشمیری بھائیوں کی سیاسی ٗاخلاقی اور سفارتی حمایت اور مدد جاری رکھیں گے ٗبدی کی قوتوں کو سرنگوں کرکے اپنے وطن کو اندھیروں سے پاک کرنے کیلئے قوم متحد ہوجائے ٗ قوم کی بیٹیاں علم و ہنر کی دولت سے مالا مال ہوکر ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں گی ٗنوجوانوں کے جوش و جذبے کو جذبہ تعمیر میں بدلنے کی ضرورت ہے ٗیوم آزادی پر کشمیری بھائیوں کو بھولنا نہیں چاہیے۔

(جاری ہے)

وہ اتوارکو یہاں کنونشن سنٹر میں 70ویں جشن آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی مرکزی تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔ اس موقع پر وزیراعظم محمد نواز شریف کے علاوہ چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، وفاقی وزراء ، سروسز چیفس ، مختلف ممالک کے سفیروں، خاتون اول بیگم محمودہ ممنون سمیت لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

صدرر مملکت نے اپنے خطاب میں کہا کہ موجودہ چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے تحریک پاکستان جیسی جدوجہد کی ضرورت ہے ٗ انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد عی جناحؒ جمہوریت کو ایک مسلمان کی زندگی کا لازمی حصہ تصور کرتے تھے اور اسے آگے بڑھنے کا زینہ سمجھتے تھے ٗ صدر مملکت نے قوم پرزور دیا کہ وہ فروعی اختلافات سے بالاتر ہوکرتحریک پاکستان کے مشن کواس عزم کے ساتھ آگے بڑھانے کیلئے متحد ہوجائیں تاکہ پاکستان کو ایک مضبوط جمہوری شناخت کا حامل ملک بنایا جاسکے۔

انہوں نے قوم پر زور دیا کہ وہ قانون کی حکمرانی کو یقینی بنائیں ٗصدر ممنون حسین نے کہا کہ یوم آزادی کے موقع پر قوم حالیہ سانحہ کوئٹہ میں انسانی جانوں کے ضیاع پر غمزدہ ہے ، پوری قوم اس سانحہ کے متاثرین کے ساتھ یکجہتی کرتی ہے ، ان شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائیگا۔ صدرمملکت نے کہا کہ دور جدید کے چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے ضروری ہے کہ قوم اسی جذبے اور عزم کا اظہار کرے جس کا انہوں نے تحریک پاکستان میں مظاہرہ کیا ۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے دیدہ اورنادیدہ دشمنوں کوبھاگنے نہیں دیں گے ، آپریشن ضرب عضب کے ثمرات سامنے آرہے ہیں ۔ انہوں نے سیکیورٹی اداروں پر زوردیا کہ وہ اس لعنت کے خاتمہ کیلئے نئے عزم سے میدان عمل میں نکلیں ۔ انہوں نے دہشت گردی کے واقعات میں سیکیورٹی فورسز اور سول آبادی کی جانب سے جانوں کی قربانی دینے والوں کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔

انہوں نے عوام سے کہا کہ وہ دشمن کے خلاف اتحاد کا مظاہرہ کریں ۔ صدر مملکت نے توقع ظاہرکی کہ پاکستان کی نوجوان نسل قومی ترقی کیلئے تعمیری کردار ادا کرے گی، قائد اعظم کی زندگی اور تحریک پاکستان کے کچھ واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قائداعظم نے ہمیں ایک کامیاب ریاست کیلئے رہنما اصول دیئے ہیں جن میں مساوات ، اخوت، انصاف ، قانونی کی حکمرانی ، آزاد خارجہ پالیسی اور ریاستوں کے درمیان مساویانہ بنیادوں پر دوستانہ تعلقات شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امرکی ہے کہ ہم اپنی نوجوان نسل کی صلاحیتوں کوتعمیری سرگرمیوں کی جانب راغب کریں ۔ صدر مملکت نے کہا کہ ناسازگار حالات میں بھی جمہوریت ہی قومی ترقی کی بنیاد ہے اور سماجی اختلافات ختم کرکے ہی ملک کو ترقی و خوشحالی کے راستے پر گامزن کیا جاسکتا ہے۔ صدر نے کہا کہ قومی ترقی کے ایجنڈے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،میثاق تعلیم اولین ترجیح قومی ہونی چاہئے ۔

انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کا احساس کریں تاکہ ہمارے آباؤ اجداد نے تحریک پاکستان کے وقت جو خواب دیکھا تھا اسے تعبیرمل سکے ۔ صدرمملکت نے کہا کہ ہمیں اپنے جشن آزادی کے موقع پر اپنے کشمیری بھائیوں کو نہیں بھولنا چاہئے جو اپنی آزادی کے حق کیلئے جدوجہد کررہے ہیں۔ انہوں نے پاکستان کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو استصواب رائے کا حق ملنے تک ان کی سیاسی، سفارتی اوراخلاقی حمایت جاری رکھی جائے گی۔ صدر مملکت نے کہا کہ ملک کی تاریخی یادگاروں کو محفوظ بنانے کیلئے اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے ۔

متعلقہ عنوان :