اسلام آباد ٗ پرچم کشائی کی مرکزی تقریب ٗ صدر مملکت اور وزیر اعظم نے قومی پرچم لہرایا

صدر اور وزیراعظم کی تقریب میں آمد کے بعد سائرن بجائے گئے ٗ ایک منٹ کیلئے ملک بھر میں ٹریفک رک گئی ترانے اور ملی نغمے پڑھنے والے بچوں کے ساتھ صدر اور وزیراعظم نے تصاویر بنوائیں

اتوار 14 اگست 2016 12:28

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔14 اگست ۔2016ء) پاکستان کے 70ویں یوم آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی مرکزی تقریب میں صدر مملکت ممنون حسین اور وزیراعظم محمد نوازشریف نے قومی پرچم لہرایا۔ اتوار کو جناح کنونشن سنٹر اسلام آباد پرچم کشائی کی مرکزی منعقد ہوئی جس میں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق ، چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف، وفاقی وزراء ، سفارت کاروں، زعما اور تعلیمی اداروں کے طلباء وطالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

صدر اور وزیراعظم کی تقریب میں آمد کے بعد سائرن بجائے گئے اور ایک منٹ کیلئے ملک بھر میں ٹریفک رک گئی۔ ٹھیک نو بجے صدر مملکت اور وزیراعظم نے قومی پرچم لہرایا اس کے بعد قومی ترانہ بجایا گیا، صدر مملکت نے قوم سے خطاب کیا جس کے بعد دلوں کو گرما دینے والے اور ولولہ پیدا کرنے والے قومی وملی نغمے گائے گئے۔ تقریب کا اختتام پاک فوج کی بینڈ پر قومی ترانے کی دھن سے ہوا جس کے بعد ترانے اور ملی نغمے پڑھنے والے بچوں کے ساتھ صدر اور وزیراعظم نے تصاویر بنوائیں۔