حکومت دہشتگردی اور بیروز گاری سمیت تمام چیلنجز سے نمٹنے کی بھرپورصلاحیت رکھتی ہے‘ اسپیکر پنجاب اسمبلی

تنقید برائے تنقید کی سیاست درست نہیں ، منفی رویے جمہوریت اور ملکی استحکام کے لیے نقصان دہ ہیں‘ رانا اقبال کاپرچم کشائی کے بعد تقریب سے خطاب

اتوار 14 اگست 2016 12:14

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔14 اگست ۔2016ء) اسپیکر پنجاب اسمبلی رانامحمدا قبال خاں نے کہا ہے کہ حکومت دہشتگردی اور بیروز گاری سمیت تمام چیلنجز سے نمٹنے کی بھرپورصلاحیت رکھتی ہے،تنقید برائے تنقید کی سیاست درست نہیں ترقیاتی اور تعمیراتی کاموں پر حکومت کی تعریف بھی کرنی چاہیے ، منفی رویے جمہوریت اور ملکی استحکام کے لیے نقصان دہ ہیں ، پاکستان وسائل سے مالامال ہے ہمیں ان وسائل سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب اسمبلی میں پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پرچم کشائی کی پروقار تقریب اسمبلی سیکرٹریٹ کے احاطہ میں منعقد کی گئی ۔ بعدازاں سپیکر نے کیفے ٹیریامیں اسمبلی سٹاف سے خطاب کیا۔ صبح 8:58 منٹ پر سائرن بجایا گیا۔

(جاری ہے)

9بجے پنجاب اسمبلی کی عمارت پر اسپیکر رانا محمد اقبال خاں نے پرچم لہرایا اور قومی ترانہ پڑھا گیا۔

اس موقع پرا سپیکر نے گارڈ آف آنر کا معائنہ بھی کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے رانا محمد اقبال خاں نے کہا کہ ہم وطن عزیز کے حصول کے لیے اپنے آباؤ اجداد کی پیش کردہ قربانیوں کو رائیگاں نہیں ہونے دیں گے۔ ملکی ترقی و استحکام کے لیے بڑی سے بڑی قربانی سے بھی دریغ نہیں کریں گے ۔ معاشی انصاف کے بغیر ترقی ممکن نہیں۔ ملکی مفاد کے خلاف کار فرما ہاتھوں کو اتفاق و اتحاد کی قوت سے روکنا ہوگا۔

ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ گزشتہ دنوں کوئٹہ میں دہشت گردی کا سانحہ انتہائی افسوس ناک ہے ۔ہم سب کو دہشت گردعناصر کی نشاندہی کرنی چاہیے۔ رانا محمد اقبال خاں نے کہا کہ شاعر مشرق علامہ ڈاکٹر محمد اقبالؒ نے مسلمانوں کو خواب غفلت سے بیدار کیا ۔ وطن عزیز نظریاتی بنیادوں پر معرض وجود میں آیا ۔

آج کے دن ہمیں اپنی ناکامیوں کا جائزہ لیتے ہوئے اپنی منزل پر پہنچنے کے لیے لائحہ عمل تشکیل دینا چاہیے تاکہ ماضی کی غلطیاں نہ دہرائی جائیں ، زندہ قومیں اپنی فتح کے یاد گار لمحات بے حد پر جوش طریقے سے مناتی ہیں ۔ بطور پاکستانی ہمیں اپنا یوم آزادی بھر پور طریقے سے منانا چاہیے۔ اس کے لیے ہمیں بھائی چارے کی فضاء قائم کرناہوگی۔ آج پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ کے فرمودات کے مطابق بھرپور محنت کرنی ہو گی تاکہ عالمی سطح پر پاکستان عزت ووقار کی علامت بن سکے۔

انہوں نے کہا کہ وطن کی سا لمیت کے لیے ہمیں آپس کے اختلافات کو بھلا کر آگے بڑھنا چاہیئے اور ملکی تعمیر و ترقی میں ملت کا ہر فرد کردار ادا کرے۔ تقریب کے بعد ملکی سلامتی اور استحکام کے لیے دعا بھی کی گئی ۔