امریکی فضائیہ کے سربراہ کا ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ ، یاد گارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی

جنرل ڈیوڈ لی گولڈفن کی ایئرچیف سے ملاقات ، پیشہ ورانہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ ء خیال، دہشت گردی کے خلاف آپریشن ضرب عضب میں اہم کامیابیوں کی تعریف

ہفتہ 13 اگست 2016 20:52

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔13 اگست ۔2016ء) امریکی فضائیہ کے چیف جنرل ڈیوڈ لی گولڈفن نے ہفتہ کو ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا۔ ایئر ہیڈ کوارٹر اسلام آبادآمد پر پاک فضائیہ کے سربراہ ائیرچیف مارشل سہیل امان نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔معزز مہمان نے پاک فضائیہ کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لئے یاد گارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔

پرنسپل سٹاف آفیسر ز کا معزز مہمان سے تعارف کرایا گیا۔

(جاری ہے)

بعد ازاں امریکی فضائیہ کے چیف نے پاک فضائیہ کے سربراہ ائیرچیف مارشل سہیل امان سے انکے آفس میں ملاقات کی اور پیشہ ورانہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ ء خیال کیا۔ائیر چیف نے آپریشن ضربِ عضب میں پاکستان کی مسلح افواج اور پاک فضائیہ کے کلیدی کردارپر روشنی ڈالی۔ جنرل ڈیوڈ لی گولڈفن نے پاک فضائیہ کی پیشہ وارانہ کارکردگی اور دہشت گردی کے خلاف کئے جانے والے آپریشن ضرب عضب میں اہم کامیابیوں کو سراہا۔امریکی فضائیہ کا وفدپاک فضائیہ کی دعوت پر پاکستان کے دورے پر آیا ہوا ہے۔