مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف ہجیرہ میں احتجاجی مظاہرہ، شٹر ڈاؤن

بھارتی مظالم کی بھرپور مذمت، عالمی برادری بھارتی مظالم رکوانے اور کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلانے میں اپنا کردار ادا کرے۔مقررین کا احتجاجی جلسہ سے خطاب

ہفتہ 13 اگست 2016 19:19

ہجیرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔13 اگست ۔2016ء)مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف ہجیرہ میں احتجاجی مظاہرہ، شٹر ڈاؤن، بھارتی مظالم کی بھرپور مذمت، عالمی برادری بھارتی مظالم رکوانے اور کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلانے میں اپنا کردار ادا کرے۔مقررین کا احتجاجی جلسہ سے خطاب۔تفصیلات کے مطابق انجمن تاجران کے زیر اہتمام مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔

مظاہرے کا آغاز کالج چوک سے ہوا۔مظاہرین نے ظلم و ستم ہائے ہائے، مودی سرکار ہائے ہائے کے فلک شگاف نعرے لگاتے ہوئے شہر کا چکر لگانے کے بعد لاری اڈا میں احتجاجی جلسہ منعقد کیا۔احتجاجی جلسے سے صدر انجمن تاجران سردار نعیم ضیاء،قاری محمد حنیف خان، ضیاء سردار ایڈووکیٹ، مرزا اشفاق، سردار ذوالفقار، سردار کاظم خان،سردار عمر حیات،محمود سدوزئی، ناصر مشتاق نوابی،عرفان عظیم زرگر نے خطاب کیا۔

(جاری ہے)

سٹیج سیکرٹری کے فرائض افتخار احمد نے سرانجام دیئے ۔احتجاجی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں جاری تحریک عروج پر پہنچ چکی ہے۔بوڑھے،بچے، جوان،خواتین سب تحریک کا حصہ بن چکے ہیں مگر بھارت نے نہتے کشمیریوں پر مظالم کا سلسلہ تیز کردیا۔آج مقبوضہ کشمیر میں مسلم نوجوان گاجر مولی کی طرح کاٹے جارہے ہیں لیکن عالمی برادری مجرمانہ خاموشی اختیار کئے ہوئے ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔

مقررین نے بزرگ کشمیری رہنما سید علی گیلانی اور حریت کے دیگر قائدین کی جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہوئے کہاکہ آزادخطہ کے باسی اپنے مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کے ساتھ ہیں اور انھیں مشکل کی اس گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔مقررین نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر بھارت سے سفارتی تعلقات منقطع کرے اور بھارت سے اپنا سفیر واپس بلائے اور بھارتی سفیر کو فوری طور پر ملک بدر کرے۔

انھوں نے کہاکہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کو اقوام متحدہ میں تسلیم کیا جاچکا ہے اور اب اقوام متحدہ کی اخلاقی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ کشمیریوں کو حق خودارادیت دلوانے میں اپنا کردار ادا کرے۔مقررین نے کہاکہ اگر بھارتی مظالم کا سلسلہ جاری رہا تو بہت جلد تمام سیاسی و سماجی تنظیموں، سول سوسائٹی سے مشاورت کے بعد کنٹرول لائن کی طرف کال دی جائے گی۔

دریں اثناء جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے زیر اہتمام بھارتی مظالم کے خلاف راولاکوٹ سے کراسنگ پوائنٹ تیتری نوٹ تک ایک بڑی ریلی نکالی گئی جس کی قیادت جے کے ایل ایف کے چئیرمین سردار صغیر احمد ایڈووکیٹ کررہے تھے۔ہجیرہ میں مختصر قیام کے دوران سردار صغیر احمد ایڈووکیٹ نے بھارتی مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیری عوام کو حق خود ارادیت دلوانے میں اپنا کردار ادا کرے۔