مریدکے سے اغوا ہوئے دو بچے گھر پہنچ گئے

ہم گلی میں کھیل رہے تھے کہ ایک خاتون نے ہمیں آ کر کھانے کے لیے ایک ٹافی دی اور ہم بیہوش ہو گئے ۔ بچوں کا بیان

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 13 اگست 2016 16:26

مریدکے سے اغوا ہوئے دو بچے گھر پہنچ گئے

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔13 اگست 2016ء ) : منگل کو مریدکے سے اغوا ہوئے دو بچے گذشتہ روز اپنے گھر پہنچ گئے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے ایس ایچ او مسعود صادق نے بتایا کہ بچوں کا کہنا ہے کہ وہ گلی میں کھیل رہے تھے جب ایک خاتون نے ان کے پاس آ کر انہیں کھانے کے لیے ایک ٹافی دی۔ بچوں نے بتایا کہ ٹافی کھاتے ہی ہم بے ہوش ہو گئے اور جب ہوش آیا تو ہم ایک بند کمرے میں موجود تھے۔

ایس ایچ او نے بتایا کہ بند کمرے میں کچھ روز رکھنے کے بعد انہیں مختلف جگہوں پر منتقل کرنے کے لیے گاڑی میں ڈال کر ایک مقام پر پہنچایا گیا جہاں سے وہ موقع پا کر فرار ہو گئے۔ بچوں نے بتایا کہ اغوا کاروں نے پانی اور کھانا لینے کے لیے بکر منڈی روڈ پر رکے۔ اور یہی وہ وقت تھا جب بچوں کو موقع ملا اور وہ فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

(جاری ہے)

ایس ایچ او کا کہنا ہے کہ بچوں کے بیان کے مطابق اغوا کاروں نے ان کا پیچھا بھی نہیں کیا۔

ایس ایچ او نے بتایا کہ بچے اس جگہ کے بارے میں لاعلم تھے اور ان کے پاس پیسے بھی نہیں تھے لہذٰا انہوں نے پاس سے گزارتے لوگوں سے مدد مانگی جنہوں نے انہیں تھانہ گلبرگ پہنچا دیا۔ بچوں کے بیان کے بعد پولیس نے ان کے والدین سے رابطہ کیا جس پر انہوں نے بتایا کہ بچوں کو لاپتہ ہوئے 72 گھنٹے گزر چکے ہیں۔ ایس ایچ او نے نامعلوم افرادکے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ ایس ایچ او نے مزید بتایا کہ بچوں کے بیانات کی مدد سے اغوا کار خاتون کا خاکہ تیار کر لیا گیا ہے جبکہ اغواکاروں کی شناخت کے لیے ٹیم بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :