موجودہ حکومت کرپٹ اور ناکام ہے، چوہدری نثار علی خان کو سنجیدہ نہیں لیتا۔ اعتزاز احسن

حکومت احتساب نہیں کرنا چاہتی، احتساب ہوا تو کروڑوں روپے کی ڈکیتیاں پکڑی جائیں گی۔ لاہور میں شہری بچوں کے اغوا کیسز پر شدید پریشان ہیں، اب میرے ساتھ کوئی سیلفی بنائے تو پوچھ لیتا ہوں کہ آپ کا نام عزیر بلوچ تو نہیں۔ سینیٹر اعتزاز احسن کی میڈیا سے گفتگو

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 13 اگست 2016 14:30

موجودہ حکومت کرپٹ اور ناکام ہے، چوہدری نثار علی خان کو سنجیدہ نہیں ..

لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔13 اگست 2016ء ) : پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سینیٹر چوہدری اعتزاز احسن نے کہا کہ لاہور میں شہری بچوں کے اغوا کیسز سے شدید پریشان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں مائیں تشویش کے باعث بچوں کو گھروں سے باہر نہیں جانے دیتیں۔لاہور زندہ دلان اور دلیر لوگوں کا شہر ہے لیکن اپنے بچوں کے معاملے پر کوئی دلیر نہیں ہوتا۔

اعتزاز احسن نے کہا کہ لاہور میں بچوں کے اغوا کے بڑھتے ہوئے کیسز پر پولیس حکام سے ملاقات کی اور ملاقات میں اس حوالے سے خدشے کا اظہار کیا ہے ۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا کہ حکومت کے بارے میں میری واضح رائے ہے کہ یہ حکومت ناکام اور کرپٹ ہے ، ان کا کہنا تھا کہ شریف برادران نے اپنی دکانیں کھولی ہوئی ہیں۔

(جاری ہے)

اورنج لائن اور میٹرو بس پر اعتراض نہیں لیکن ان پر آئی لاگت پر تحفظات ہیں۔ ان منصوبوں سے لاکھ سوا لاکھ عوام کو فائدہ ہو گا، لیکن شریف برادران نے ان منصوبوں کی آڑ میں کثیر کمیشن کمائی۔230ارب کی لاگت سے گھپلے کیے گئے کمیشنیں کھائی گئیں۔ اعتزاز احسن نے کہا کہ پانامہ لیکس میں ان کی چوری پکڑی گئی ہے ، پانامہ لیکس ان کے گلے میں گھنٹی کی طرح بجتی رہے گی اور یہ لوگ پانامہ لیکس سے بھاگ نہیں سکیں گے۔

چوہدری نثار علی خان کے بیان کے رد عمل میں انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار نے خود کہا ہے کہ انہوں نے زندگی میں ایک مرتبہ آصف زرداری کی تعریف کی جو انسان پیپلز پارٹی کے اتنے خلاف ہے میں اس کی بات کو سنجیدگی سے نہیں لیتا۔ ان کا کہنا تھا کہ کوئی بیوقوف ہو گا جو چوہدری نثار کے پاس ایان علی اور ڈاکٹر عاصم کی سفارش لیکر جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار سفارش لیکر آئے اس بے وقوف کا نام بتا دیں۔

چوہدری اعتزاز احسن نے مزید کہا کہ ہم نے ایل پی جی کا کوئی کوٹہ نہیں لیا۔ ایل پی جی کا کوٹہ اس وقت تھا جب چوہدری نثار وزیر پٹرولیم تھے۔ رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ اب میں ڈرتے ہوئے ائیر پورٹ پر کسی کے ساتھ سیلفی بھی نہیں لیتا اور اگر لوں تو پوچھ لیتا ہوں کہ آپ کا نام عزیر بلوچ تو نہیں۔ اعتزاز احسن نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت نہیں چاہتی کہ احتساب ہو کیونکہ اگر احتساب ہوا تو ان کی اربوں روپے کی چوریاں اور ڈکیتیاں پکڑی جائیں گی۔