انگلش اوپنر ایلکس ہیلز کی امپائر سے بدتمیزی ،میچ فیس کا 15 فیصد جرمانہ عائد کردیا گیا

ہفتہ 13 اگست 2016 13:14

اوول(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔13 اگست۔2016ء)انگلینڈ کے اوپنر ایلکس ہیلز پر امپائر کے فیصلے پر برہمی کا اظہار اور بدتمیزی کرنے پر میچ فیس کا 15 فیصد جرمانہ عائد کردیا گیا ہے۔پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان اوول میں کھیلے جا رہے سیریز کے چوتھے اور آخری ٹیسٹ میچ میں ایلکس ہیلز محمد عامر کی گیند یاسر شاہ کے ہاتھوں کیچ ہوئے تاہم ہیلز کیچ پر شکوک کا اظہار کیا جس پر امپائرز نے تھرڈ امپائر سے مدد طلب کی۔

تاہم اس کے باوجود بھی فیصلہ تبدیل نہ ہوا اور امپائرز نے انہیں آوٴٹ قرار دیا۔

(جاری ہے)

ہیلز کا ماننا تھا کہ یاسر شاہ کے کیچ کرنے سے قبل گیند زمین سے ٹکرا چکی تھی۔ہیلز نے پویلین واپسی پر تھرڈ امپائر کے کمرے کا رخ کیا اور ان سے اس فیصلے پر استفسار کیا اور آئی سی سی کے مطابق کمرے سے باہر جاتے ہوئے انہوں نے غلط الفاظ کا استعمال کیا۔ایسا کرنے پر ہیلز آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کو توڑنے کے مرتکب ہوئے جس کے سبب ان پر میچ کا فیس کا 15 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا۔یاد رہے کہ ایلکس ہیلز کیلئے سیریز انتہائی بری رہی ہے اور وہ اب تک سات اننگز میں 19 کی اوسط سے اسکور کر سکے ہیں جہاں ان کا سب سے بڑا اسکور 54 رنز ہے۔۔‘