وطن عزیز کا 70 واں یوم آزادی کل شایان شان طریقہ سے منایا جائیگا‘تیاریاں عروج پر ..
تازہ ترین : 1

وطن عزیز کا 70 واں یوم آزادی کل شایان شان طریقہ سے منایا جائیگا‘تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔13 اگست ۔2016ء) ملک بھر کی طرح جڑواں شہروں راولپنڈی/اسلام آباد میں بھی وطن عزیز کا 70واں یوم آزادی کل شایان شان طریقہ سے منایاجائے گا اس سلسلے میں تمام تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں جبکہ دہشتگردی کے خطرہ کے پیش نظر یوم آزادی پر اسلام آباد انتظامیہ کا موبائل فون سروس بند رکھنے کافیصلہ کیا گیا تفصیلات کے مطابق ملک بھر کی طرح جڑواں شہروں راولپنڈی/اسلام آباد میں بھی وطن عزیز کا 70واں یوم آزادی شایان شان طریقہ سے منایاجائے گا اس سلسلے میں تمام تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں قومی پرچموں، جھنڈیوں، بیجز اور دیگر مواد کی تیاری کیلئے چھاپہ خانوں اور کارخانوں میں ایڈوانس بکنگ پر کام ہونے لگا، نوجوانوں نے گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر سبز ہلالی پرچم کی پینٹنگ کرانا شروع کر دی ہیں جبکہ پینٹر حضرات نے اس حوالے سے خصوصی رعایتی بینرز آویزاں کئے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ یوم آزادی کی تیاریوں میں حصہ لینے کے لئے اپنی گاڑیوں کو قومی پرچموں سے سجا کر تقریبات کو جوش و جذبہ سے منائیں۔

دوسری جانب بازاروں میں جگہ جگہ قومی پرچموں والی جھنڈیوں، بیجز، ٹوپیوں کی فروخت کیلئے سٹال سج گئے ہیں اور چھاپہ خانوں میں دن رات کام ہو رہا ہے۔ گلی محلوں میں گھروں کی چھتوں پر قومی پرچم اور سبز ہلالی جھنڈیاں آویزاں کی جا رہی ہیں۔ اس حوالے سے بالخصوص بچوں میں جوش و جذبہ پایا جاتا ہے اور وہ اپنے گھروں کو قومی پرچم اور برقی قمقموں سے سجانے کے لئے تیاریاں کرتے نظر آ رہے ہیں۔

مختلف سماجی تنظیموں نے بھی یوم آزادی کے حوالے سے خصوصی تقاریب کے اہتمام کی تیاریاں شروع کر دی ہیں اور اس حوالے سے سیمینارز، مباحثوں کا انعقاد کیا جائے گا جن میں تحریک آزادی کے قائدین کی زندگی اور کارناموں سے نئی نسل کو روشناس کرایا جائے گا۔ سرکاری اور نجی سطح پر خصوصی تقاریب کا اہتمام کیا جائے گا اور وفاقی ترقیاتی ادارہ (سی ڈی اے)، ضلعی انتظامیہ اور اسلام آباد میٹرو پولیٹن کارپوریشن کی طرف سے بھی یوم آزادی کی مناسبت سے خصوصی انتظامات اور پروگراموں کا اہتمام کیا جائے گا اور اہم سرکاری عمارتوں پر سی ڈی اے چراغاں کرے گا۔

گلی محلوں کی سطحوں پر نوجوانوں کی ٹولیوں نے اپنی گلیاں سبز ہلالی پرچم والی جھنڈیوں اور قومی پرچموں سے سجانے کے لئے اجتماعی کوششیں بھی شروع کر رکھی ہیں۔ وفاقی دارالحکومت میں پہلی مرتبہ یونین کونسلوں کی سطح پر بھی خصوصی تقاریب کا اہتمام ہوگا اور قومی پرچم کے بیجز نوجوانوں میں تقسیم کئے جائیں گے جو جوش و جذبہ سے یوم آزادی منانے کے لئے اپنے سینوں پر آویزاں رکھیں گے۔

تجارتی مراکز میں ملی نغموں اور قومی ترانے کی دھنوں پر مبنی خصوصی کیسٹس، سی ڈیز کی فروخت کا سلسلہ بھی جاری ہے جس سے بالخصوص نوجوانوں میں ایک نیا جذبہ اور ولولہ جاگزیں ہوتا ہے۔ وفاقی دارالحکومت کی شاہراہوں پر چلتی بعض گاڑیوں میں ملی نغموں کی دھنیں سنائی دیتی ہیں۔ دریں اثناء وفاقی دارالحکومت کے سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں بھی جشن آزادی شایان شان طریقہ سے منانے کیلئے بھی ملی نغموں، تقاریر کے مقابلوں کی ریہرسل شروع کر دی گئی ہے اور اس حوالہ سے خصوصی پروگرام مرتب کر لئے گئے ہیں۔

ٹیلی ویژن چینلز اور ریڈیو کے نشریاتی اداروں کے پروگراموں میں ملی نغموں کی دھنوں کا اضافہ اور خصوصی قومی پرچم والے لوگو کا استعمال شروع کر دیا گیا ہے۔ پاکستان پوسٹ یوم آزادی کے موقع پر ممتاز سماجی شخصیت عبدالستار ایدھی کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے خصوصی یادگاری ڈاک ٹکٹ جاری کرے گا۔ قومی اور نجی سطح پر خصوصی تقاریب ہوں گی جن میں تحریک آزادی کے ہیروز کو سلام پیش کیا جائے گا جبکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض افواج کے ہاتھوں شہید ہونے والے کشمیری حریت پسندوں کو خصوصی طور پر خراج عقیدت پیش کیا جائے گا اور کشمیریوں کی تحریک آزادی اور استصواب رائے کے حق کے حصول کی جدوجہد کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کا اعادہ کیا جائے گا۔

ادھر دہشتگردی کے خطرہ کے پیش نظر یوم آزادی پر اسلام آباد انتظامیہ نے وفاقی دارالحکومت میں موبائل فون سروس بند رکھنے کافیصلہ کیا ہے۔ مقامی انتظامیہ کی جانب سے وزارت داخلہ کو سمری بھجوائی گئی تھی جس میں 14اگست کو اسلام آباد میں صبح 6بجے سے دن12بجے تک موبائل فون سروس بند رکھنے کی تجویز دی گئی
وقت اشاعت : 13/08/2016 - 11:50:55

اپنی رائے کا اظہار کریں