شہر کے امن وامان کو برقرار رکھنے اور شہر کے جان و مال کے تحفظ کرنے والے قوم کے ہیرو ہیں ‘حیدر اشرف

شہر کے امن وامان کی خاطر لاہور پولیس نے 272شہیدوں کی قربانی پیش کی ہے کسی بھی شہید نے دشمن کا مقابلہ کرتے ہوئے پیٹھ پیچھے نہیں دشمن کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر سینے پر گولی کھائی ہے ‘ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف

جمعہ 12 اگست 2016 22:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 اگست ۔2016ء ) ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے کہا ہے کہ شہر کے امن وامان کو برقرار رکھنے اور شہر کے جان و مال کے تحفظ کی خاطر اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر شہر میں گشت کرنے والے اور اپنی جان خطرے میں ڈال کر دشمنوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے والے محکمہ پو لیس کے نہیں بلکہ قوم کے ہیرو ہیں،اس شہر کے امن وامان کی خاطر لاہور پولیس نے 272شہیدوں کی قربانی پیش کی ہے اور کسی بھی شہید نے دشمن کا مقابلہ کرتے ہوئے پیٹھ پیچھے نہیں بلکہ دشمن کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر سینے پر گولی کھائی ہے ، تھانہ نواب ٹاؤن کے اہلکار نے نامعلوم افراد کو مشکوک جان کر روکاجس پر مشکو ک افراد نے فائرنگ کر دی اوراہلکار نے ان کا مقابلہ کرتے ہوئے زخمی ہوکر یہ ثابت کر دیا کہ شہریوں کے مال و جان کے تحفظ اور اس شہر کے امن وامان کی خاطر لاہور پولیس کے جوان اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے کے لئے پیچھے نہیں ہٹیں گے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ رات نامعلوم 2موٹر سائیکل سواروں کو مشکوک جان کر روکنے کے نتیجے میں ٖفائرنگ سے زخمی ہونے والے تھانہ نواب ٹاؤن کے اہلکار قاصد علی کی جناح ہسپتال کے آئی سی یومیں عیادت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر انہوں نے مضروب اہلکار کو پھولوں کا گلدستہ پیش کیا اور ڈاکٹر ز کو بہترین علاج ومعالجہ کی ہدایت کی ۔ایس ایچ او نواب ٹاؤن عاطف ذوالفقار نے اس موقع پر ڈی آئی جی آپریشز ڈاکٹر حیدر اشرف کو بتایا کہ گزشتہ رات کانسٹیبل قاصد علی اپنے تھانہ کے علاقہ نواں پنڈ میں گشت کر رہا تھا کہ نامعلوم موٹر سائیکل گزرے جس پر کانسٹیبل قاصد علی نے مشکوک جان کر 2موٹر سائیکل سواروں کو روکا جس پر نامعلوم افراد نے فائر کھول دیے اور اہلکار موقع پر زخمی ہوگیا جوکہ ہسپتال کی انتہائی نگہداشت یونٹ میں زیر علاج ہے ۔

ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے اس موقع پر کہا کہ اہلکار کے علاج معالجے کے تمام اخراجات لاہور پولیس برداشت کرے گی۔

متعلقہ عنوان :