راولپنڈی میں ڈینگی پر قابو پانے کی سرتوڑ کوششیں جاری ہیں،شہری گھروں ،زیر تعمیر عماراتوں اور پانی کے ذخیروں میں ڈینگی لاروا کے بریڈنگ سپاٹس نہ بننے دیں اور صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھیں

وزیر اعلی پنجاب کے مشیر برائے انسداد ڈینگی ڈاکٹر وسیم اکرم

جمعہ 12 اگست 2016 22:00

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔12 اگست ۔2016ء) وزیر اعلی پنجاب کے مشیر برائے انسداد ڈینگی ڈاکٹر وسیم اکرم نے کہا ہے کہ راولپنڈی میں ڈینگی پر قابو پانے کی سرتوڑ کوششیں جاری ہیں ۔ انہوں نے شہریوں سے کہاکہ وہ گھروں ،زیر تعمیر عمارات اور پانی کے ذخیروں میں ڈینگی لاروا کے بریڈنگ سپاٹس نہ بننے دیں اور صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھیں تاکہ کسی بھی مقام پر ڈینگی کو سر اٹھانے کا موقع نہ مل سکے۔

انہوں نے یہ با ت جمعتہ المبارک کو پوٹھوار ہال راولپنڈی میں سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ محکمہ لوکل گورنمنٹ اور پلان انٹرنینشل پاکستان کے اشتراک سے فی میل ڈینگی ورکز کی تربیتی ورکشاپ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہی۔ورکشاپ میں راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں خدمات سر انجام دینے والی ڈینگی ورکرز اور ہیلتھ پروفیشنلز نے شرکت کی اور اپنے فیلڈ تجربات سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر وسیم اکرم نے اس موقع پر کہا کہ ڈینگی کے سدباب کے لئے عوامی سطح پر آگاہی کی کوششوں کے ساتھ ساتھ لوگوں کے رویوں میں مثبت تبدیلی لانا بھی ضروری ہے تاکہ وہ صحت مند رہنے کی عادات اپنا سکیں انہوں نے کہاکہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایات پر ڈینگی کنٹرول کے لئے جدو جہد جاری ہے اور سرکاری محکموں ونجی اداروں کے تعاون سے ڈینگی لاروا تلفی کے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ و کمیونٹی ڈیویلپمنٹ میاں نجیب اسلم نے شرکاء ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے عوامی سطح پر ڈینگی ورکرز کی خدمات کو سراہا اور کہاکہ عوامی تعاون سے ہی ڈینگی کا خاتمہ ممکن ہے اس لئے فیلڈ ورکرز گھر گھر جاکر لوگوں کو ان ضروری ہدایات سے روشناس کرائیں جو ماہرین کی آراء کے مطابق مرتب کی گئی ہیں تاکہ وہ ڈینگی کے جان لیوا بخار سے محفو ظ رہ سکیں ۔

انہوں نے کہاکہ ڈینگی ورکرز موسمی شدت کے باوجود بہترین خدمات سر انجام دے رہی ہیں اور ان کی معلومات میں اضافے کے لئے پلان انٹرنیشنل پاکستان کے تعاون سے منعقد کی گئی تربیتی ورکشاپ سے کارکردگی میں مزید بہتری آئے گی۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ راولپنڈی اے ڈی نجمی نے بھی اس موقع پر خطاب کیا اور کہاکہ ڈینگی ورکرز کو فیلڈ سروے اور موثر انداز میں ڈینگی سرولنس کے بارے میں آگاہ کیا۔