مہاجر ہی علیحدگی پسندوں اور سندھو دیش کے حامیوں کی راہ میں رکاوٹ ہے،چیئرمین مہاجر اتحاد تحریک ڈاکٹر سلیم حیدر

جمعہ 12 اگست 2016 21:26

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔12 اگست ۔2016ء) چیئرمین مہاجر اتحاد تحریک ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا ہے کہ بدقسمتی سے سندھ پر وہ طبقہ برسراقتدار ہے جس کا پاکستان بنانے اور پاکستان بچانے سے دور دور کا واسطہ بھی نہیں ہے، جبکہ پاکستان بنانے کیلئے قربانی دینے والے آج69 برس بعد بھی محرومی اور محکومی کا شکار ہیں۔ روز اول سے سندھ میں آباد ہونے والے مہاجروں کو استحصالی طبقے نے غلام بنانے کی کوشش کی اور آج بھی یہ طبقہ ایک بار پھر مہاجروں کو غلامی کی طرف دھکیلنے میں مصروف ہے لیکن مہاجروں کو نہ پہلے کبھی غلام بنایا جاسکا اور نہ ہی اب غلام بناکر رکھا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ اور مقتدر اداروں کو اس صورتحال کا ادراک کرنا ہوگا کہ پاکستان کے سب سے محب وطن قوم مہاجروں کے ساتھ کی جانے والی ناانصافی کا مداوا اور ازالہ کیا جائے ورنہ مہاجروں میں پائی جانے والی احساس محرومی بھیانک شکل بھی اختیار کرسکتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ مہاجروں نے اپنا سب کچھ قربان کرکے یہ ملک بنایا ،لیکن یہاں روز اول سے مہاجروں کے ساتھ تیسرے درجے کا سلوک کیا گیا۔

سندھ پر دیہی حکومت مسلط کی جاتی رہی اور خودمہاجر حقوق کے دعویدار مہاجروں کو غلام بنانے کیلئے پیش پیش رہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی محبت مہاجروں کے ایمان کا حصہ ہے اور مہاجر ہی دراصل اس ملک میں علیحدگی پسندوں ، سندھو دیش کے حامیوں اور انتہا پسندوں کیخلاف سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔ انہوں نے تمام کارکنوں اور عوام سے پرزور اپیل کی کہ وہ پاکستان کا جشن آزادی بھرپور انداز سے منائیں تاکہ ملک دشمنوں اور علیحدگی پسندوں کی حوصلہ شکنی کی جاسکے۔

متعلقہ عنوان :