رینجرز اور دیگر سکیورٹی ادارے پنجاب میں بھی دہشتگردوں کیخلاف آپر یشن کریں ‘ڈاکٹر یاسمین راشد

جمعہ 12 اگست 2016 17:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 اگست ۔2016ء) ایڈ وئزر چیئر مین تحر یک انصاف ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ حکومتی صفوں میں کالعدم تنظیموں کے حمایتی موجودہیں،پنجاب میں رینجرز اور دیگر سکیورٹی اداروں کو دہشتگردوں کیخلاف آپر یشن کر نا چاہیے،پنجاب میں کر پشن کیساتھ ساتھ جرائم میں بھی بدترین اضافہ ہو رہا ہے مگر حکمران ٹس سے مس نہیں ہو رہے ۔

(جاری ہے)

اپنے دفتر میں تحر یک انصاف کے کارکنوں کے وفود سے گفتگوکرتے ہوئے ڈاکٹر یاسمین راشدنے کہا کہ پنجاب میں صوبائی کابینہ کے لوگوں کے کالعدم تنظیموں کے لوگوں سے رابطے پوری قوم کے سامنے ہیں اسی وجہ سے پنجاب میں کبھی نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عمل ہوا ہے اور نہ ہی (ن) لیگ کی صوبائی حکومت دہشت گردوں کیخلا ف کسی قسم کا ایکشن لیتی ہے جسکی وجہ سے صوبے میں جرائم پیشہ افراد اور دہشت گردوں کے ساتھ ساتھ انکے سہولت کار بھی آزاد ہیں انکو کوئی پوچھنے والا نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں نیشنل ایکشن پلان کے مطابق رینجرز اور دیگر اداروں کو دہشت گردوں،کالعدم تنظیموں اور انکے حمایتی کے خلاف آپر یشن کر ناچاہیے ورنہ یہاں بھی کوئی بڑا حادثہ رونما ہو سکتا ہے ۔