سائٹ ایسوسی ایشن میں کرپشن کی نیب اور اینٹی کرپشن کے ذریعے تحقیقات کرائی جائے گی،منظور حسین وسان

کراچی میں اربوں روپے کے صنعتی پلاٹس پر چائنا کٹنگ کی گئی اور صنعتی زون میں پارک بھی چائنا کٹنگ کرکے فروخت کئے گئے،صوبائی وزیر صنعت و تجارت

جمعہ 12 اگست 2016 17:33

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 اگست ۔2016ء) صوبائی وزیر صنعت و تجارت منظوروسان نے کہاہے کہ محکمہ صنعت اور ان کے ذیلی اداروں میں بارہ سوسے زائد غیرقانونی بھرتیوں .اربوں روپے کے صنعتی پلاٹس کی چائنا کٹنگ اور سائیٹ میں اٹھاسی کروڑ روپے کی کرپشن کی نیب اور اینٹی کرپشن کے ذریعے تحقیقات کرائی جائے گی۔ تحریک انصاف والے نہ قائم علی شاہ سے خوش تھے نہ مراد علی شاہ سے راضی ہیں ۔

جمعہ کو کراچی میں محکمہ صنعت کے ماتحت اداروں کے اجلاس بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے منظوروسان نے کہا کہ کراچی میں اربوں روپے کے صنعتی پلاٹس پر چائنا کٹنگ کی گئی اور صنعتی زون میں واقع پارک بھی چائنا کٹنگ کرکے فروخت کئے گئے.۔انہوں نے کہاکہ نہ صرف کراچی بلکہ بدین، سیہون اور روہڑی میں بھی صنعتی پلاٹوں پر قبضے کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

منظوروسان نے کہا کہ سمال انڈسٹری سمیت محکمہ میں بارہ سو سے زائد غیرقانونی بھرتیاں کی گئی ہیں جن کی تحقیقات کیلئے کمیٹی بنادی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف نے پروٹوکول نالینے کا اعلان کرکے اس پر عمل نہیں کیا اور آج بھی عمران خان اور وزیراعلی خیبر پختونخوا پروٹوکول میں گھوم رہے ہیں۔منظوروسان نے کہاکہ تحریک انصاف والے تنقید کرتے رہ جائیں گے سندھ کے عوام پیپلزپارٹی سے خوش ہیں اور 2018 بھی پیپلزپارٹی کا سال ہوگا۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کو نہ قائم علی شاہ پسندتھے اور نہ ہی سید مراد علی شاہ کا انداز پسند ہے۔

متعلقہ عنوان :