پولیس اور سکیورٹی فورسز کا کومبنک آپریشن ٗ خواتین پر حملے میں ملوث مبینہ حملہ آور چار ساتھیوں سمیت گرفتار

ملزمان علاقے میں خوف و ہراس پھیلانے کیلئے تفریح کے طور پر خواتین پر حملہ کرتے تھے ملزم محمد علی نے حملوں کا اعتراف کرلیا ٗمذکورہ پانچوں ملزمان کو ریمانڈ کیلئے عدالت میں پیش کیا جائے گا

جمعہ 12 اگست 2016 17:25

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 اگست ۔2016ء) راولپنڈی میں ملازمت پیشہ خواتین پر چاقو سے حملہ کرنے والے ایک مبینہ حملہ آور کو پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے کومبنگ آپریشن کے دوران 4 ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا۔پولیس ذرائع کے مطابق 24 سالہ محمد علی نے مبینہ طور پر 17 خواتین پر حملہ کیا جن میں سے ایک خاتون زخموں کی تاب نہ لاکر جاں بحق ہوگئیں پولیس کے مطابق مذکورہ شخص کا ذہنی توازن درست نہیں ذرائع کے مطابق محمد علی کے 4 ساتھیوں کی شناخت سراج، اسد احمد، افسر مسیح اور الیاس کے نام سے کی گئی جو اس سے قبل اڈیالہ جیل میں سزا بھی کاٹ چکے ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق مذکورہ ملزمان فلموں سے متاثر تھے اور علاقے میں خوف و ہراس پھیلانے کیلئے تفریح کے طور پر خواتین پر حملہ کرتے تھے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق محمد علی مبینہ طور پر لوڈ شیڈنگ کے اوقات میں ملازمت کرنے والی خواتین پر چاقو سے حملہ کرتا تھا ٗ اس کے ساتھی اس کی مدد کرتے تھے۔محمد علی نے مورگاہ میں ہسپتال کی ایک نرس کو چاقو سے حملہ کرکے ہلاک ٗ 2 کو زخمی کردیا تھا۔پولیس ذرائع کے مطابق ملزم محمد علی نے حملوں کا اعتراف کرلیا ٗمذکورہ پانچوں ملزمان کو ریمانڈ کیلئے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق زیادہ تر واقعات سورج غروب ہونے کے بعد پیش آئے تاہم کچھ طالبات پر اسکول سے واپسی پر بھی حملے کیے گئے۔

متعلقہ عنوان :