ریسکیو 1122 جشن آزادی پر الرٹ رہے گی، ون ویلرزکوزندگیوں کا احترام کرنا چاہیے‘ڈی جی ریسکیوپنجاب

جمعہ 12 اگست 2016 17:01

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 اگست ۔2016ء)ڈائریکٹر جنرل پنجاب ایمرجنسی سروس (ریسکیو1122)بریگیڈئیر ریٹائرڈ ڈاکٹر ارشد ضیاء نے پراونشل مانیٹرنگ سیل میں منعقدہ میٹنگ میں جشن آزادی کے حوالے سے کیے گئے انتظامات کا جائزہ لیا،اور کہاکہ ون ویلرزکو ذمہ دارشہری بنناچاہیے اورزندگیوں کااحترام کرناچاہیے۔میٹنگ کے شرکاء نے ڈی جی ریسکیو پنجاب کو بتایاکہ پنجاب کے تمام اضلاع میں جشن آزادی منانے اور ریسکیواسٹیشنز پر پرچم کشائی کے علاوہ ریسکیو1122 پورے پنجاب میں ہائی الرٹ رہے گی اور کسی بھی ناگہانی حادثے سے بروقت نبرد آزما ہونے کے لیے ریسکیورز کی مختلف مقامات اور ریسکیو اسٹیشنز پر خصوصی ڈیوٹیاں لگا دی گئی ہیں جہاں وہ 14اگست کو موجود رہیں گے ۔

ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ تمام موبائل پوسٹوں پر ایمرجنسی ایمبولینس ،تربیت یافتہ افسران اور ڈاکٹرز کی زیر نگرانی الرٹ رہیں گی۔

(جاری ہے)

ان کا کہناتھاکہ سروس اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ جشن آزادی منانا تمام شہریوں کا حق ہے لیکن انھیں اپنی حفاظت کو مد نظررکھتے ہوئے مقابلہ بازی اور ون ویلنگ سے اجتناب کرنا چاہیے کیونکہ یہ ایک انتہائی خطرناک اور جان لیواکھیل ہے جس کانتیجہ نوجوانوں کو اپنی زندگی دے کرجبکہ والدین کو ساری عمرکے غم کی صورت میں چکاناپڑتاہے ۔

انہوں نے شہریوں سے درخواست کی ہے کہ وہ محفوظ معاشرے کے کلچر کو عام کرنے کے لیے پنجاب ایمرجنسی سروس کا ساتھ دیں اورایمرجنسی کی صورت میں فوری 1122ڈائل کرتے ہوئے ریسکیو1122کی ایمبولینسز ،ریسکیواور فائر کی گاڑیوں کو فوری راستہ دیں۔