پنجاب حکومت کے تمام محکمے وطن سے محبت کے اظہار کیلئے خصوصی پروگرام منعقد کرینگے‘ رانا ارشد

جمعہ 12 اگست 2016 17:00

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 اگست ۔2016ء) مشیر وزیر اعلی پنجاب و پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و ثقافت رانا محمد ارشد نے کہا ہے کہ صوبہ بھر میں یوم آزادی کے حوالے سے تقریبات کا آغاز ہو چکا ہے۔ ایک آزاد وطن حاصل کرنے کے لئے جس قسم کی قر بانیاں دی گئیں وہ تاریخ میں ایک مقام رکھتی ہے۔ اس سلسلے میں صوبہ بھر کے تمام تعلیمی اداروں میں تقریبات کا آ غاز ہو چکا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ یوم آزادی ہمارے بزرگوں کی عظیم قربانیوں اورقیام پاکستان کی جدوجہد میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے گمنام مجاہدوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے علاوہ تجدید عہد اور پاکستان کو قائداعظم کے خوابوں کی تعبیر بنانے کے عزم کے اظہار کا دن بھی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ زندہ قومیں اپنے قومی دنوں کو دھوم دھام سے مناتی ہیں۔

(جاری ہے)

14 اگست کے دن یوم آزادی کے حوالے سے ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگ خصوصاً نوجوان طبقے کوحصول پاکستان کے لئے کی جانے والی جدو جہدبارے ڈراموں، تقاریر اور پینٹنگز کے ذریعے آگاہی دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ موقع کی مناسبت سے پنجاب حکومت کے تمام محکمے وطن سے محبت کے اظہار کیلئے خصوصی پروگرام کریں گے۔ نادر تصاویر اور یادگار اشیا ء کی نمائش کی جائے گی۔ ضلعی او ر ڈویژنل کی سطح پر تہذیب و ثقافت سے آراستہ معلوماتی فلوٹس 14اگست کے حوالے سے تیار کر لئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یونین کونسل کی سطح پر نہ صرف قومی پرچم لہرائے جائیں گے بلکہ ساتھ ہی ایک بڑے برقی فلیکس پر متعلقہ یونین کونسل میں ہونے والے ترقیاتی کاموں کا بھی ذکر ہوگا۔

متعلقہ عنوان :