آئی جی خیبرپختونخوا نے ڈی ایس پی رورل بنوں کو فوری طور پر ملازمت سے فارغ کردیا

جمعہ 12 اگست 2016 16:58

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 اگست ۔2016ء) انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخواناصر خان دُرانی نے انکوائری کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں پہلے سے معطل شدہ ڈی ایس پی رورل بنوں کو فوری طور پر ملازمت سے فارغ کردیا۔تفصیلات کے مطابق آئی جی پی کو عوام کی جانب سے ڈی ایس پی رورل بنوں سعید خان بنگش کے خلاف علاقے میں جرائم پیشہ افراد کے ساتھ ر وابط، بداعنوانی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کی مسلسل شکایات موصول ہوئی تھیں۔

جن سے محکمہ پولیس کی بدنامی ہو رہی تھی۔

(جاری ہے)

آئی جی پی نے ان عوامی شکایات کی روشنی میں مذکورہ ڈی ایس پی کو معطل کر دیا تھا۔ اور ان شکایات کا جائزہ لینے کے لیے ڈی آئی جی کوہاٹ اور ڈی پی اُو کرک پر مشتمل ایک انکوائری کمیٹی بنائی۔ اور انہیں اس سلسلے میں مکمل چھان بین کرکے اپنی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی تھی۔ کمیٹی نے تفصیلی انکوائری کرنے کے بعد ڈی ایس پی پر لگائے گئے الزامات درست قرار دے کر آئی جی پی کو آج اپنی رپورٹ پیش کر دی۔ آئی جی پی نے انکوائری کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں ڈی ایس پی بنوں رورل سعید خان بنگش کو فوری طور پر ملازمت سے برخاست کردیا۔