وزیر اعظم فیصل آباد ملتان موٹر وے کے تیسرے سیکشن کاکل سنگ بنیاد رکھیں گے

جمعہ 12 اگست 2016 16:37

اسلام آباد/فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔12 اگست ۔2016ء) وزیر اعظم نوازشریف فیصل آباد، ملتان موٹر وے (M-4)کے تیسرے سیکشن شورکوٹ تاخانیوال کا ہفتہ کو سنگ بنیاد رکھیں گے۔شور کو ٹ تا خانیوال 65کلومیٹر طو یل سیکشن کو2حصوں میں تعمیر کیا جائے گا منصوبے پر 22ارب روپے لاگت آئے گی ۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نوازشریف فیصل آباد، ملتان موٹر وے (M-4)کے تیسرے سیکشن شورکوٹ تاخانیوال کا ہفتہ کو سنگ بنیاد رکھیں گئے، نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے چیئرمین شاہد اشرف تارڑ نے کہا ہے کہ اس سیکشن کی تکمیل سے فیصل آباد ملتان موٹروے کا منصوبہ مکمل ہوجائے گا،جس سے یہ اہم ترین شاہراہ ملک کے موٹروے نیٹ ورک کا اہم حصہ بن جائے گی۔

وسطی ایشیا اور افغانستان سے طورخم بارڈر کے ذریعہ سے آنے والی سفری اور تجارتی ٹریفک کو گوادرپورٹ تک رسائی ممکن ہوگی۔

(جاری ہے)

اس عظیم تعمیراتی منصوبہ کی تکمیل سے جہاں عوام کو جدید سفری سہولیات میسر ہونگی ،وہاں علاقائی ،قومی و بین الاقوامی تجارتی نقل و حمل کو برق رفتاری کے ساتھ اپنی منزل مقصود تک پہنچنے میں سہل رسائی حاصل ہوگی۔شورکوٹ تاخانیوال سیکشن کو دو حصوں میں مکمل کیا جائے گا۔

ایک حصہ شورکوٹ تا دین پور31 کلومیٹر پر مشتمل ہے جبکہ دوسرا حصہ دین پور تا خانیوال 34 کلومیٹر پر مشتمل ہے۔منصوبہ کی مجموعی لاگت کا تخمینہ 22 ارب روپے لگایا گیا ہے۔یہ منصوبہ دو سا ل میں مکمل ہوگا۔اس منصوبہ کے مکمل ہونے سے ملک کی اقتصادی ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا اور علاقائی،سماجی،معاشی اور اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہوگا۔ روزگار کے نئے اور خاطر خواہ مواقع میسر آئیں گے جبکہ مقامی صنعتوں کے فروغ میں بھی مدد ملے گی۔

متعلقہ عنوان :