محکمہ تعلیم و کالجز آزادکشمیر کے زیر انتظام تدریسی عمل کو بہتر بنانے اور موثر مانیٹرنگ ڈسپلن کو بحال رکھنے پر غور فکر شروع

جمعہ 12 اگست 2016 14:15

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 اگست ۔2016ء) محکمہ تعلیم کالجز کے زیر انتظام سرکاری تعلیمی ادارہ جات میں تدریسی عمل کو بہتر بنانے / موثر مانیٹرنگ اور ڈسپلن کو بہتر بنانے کیلئے تدریسی اصلاحات نافذ کر دی گئی ہیں ۔ اصلاحات کے مطابق ہر کالج ٹیچر کیلئے لازمی ہو گا کہ سرکاری اوقات کار کے دوران کالج میں موجود رہے گا اور دفتری اوقات کار کو تدریس،لائبریری / ریسرچ ورک اور انتظامی امور کیلئے جس میں 60%وقت کلاسز کی تدریس کیلئے 20%وقت لائبریری اور ریسرچ ورک کیلئے اور20%وقت ادارہ میں انتظامی امور میں معاونت کیلئے ہو گا۔

ہر ادارہ میں ٹائم ٹیبل صبح 8:30بجے سے دوپہر 2:00بجے تک ترتیب دیا جائے گا اور ہر کالج ٹیچر کم از کم چار پیریڈ پڑھانے کا پابند ہوگا۔

(جاری ہے)

انگریزی تدریس کیلئے دو پیریڈ ہو نگے۔روزانہ کی بنیاد پر کم از کم ایک پیریڈ تحریری ٹیسٹ کیلئے مختص ہوگا جس میں ہفتہ میں ہر مضمون کا ایک ٹیسٹ لیا جائے گا اور اس ٹیسٹ کا باقاعدہ ریکارڈ رکھتے ہوئے اسے (Parent Teacher meeting)میں پیش کیا جائے گا۔

نیز ہر ادارہ میں Student Counselingکا قیام عمل میں لایا جائے گا ۔FSCمیں داخلہ کیلئے میرٹ کم از کم فرسٹ ڈویژن مقرر کیا جائے گا۔اچھے نمبرات حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کیلئے ماڈل سیشن شروع کرنے کا اہتمام کیا جائے گا تاکہ طلبہ و طالبات میں مقابلہ کا رحجان پیدا ہو سکے ۔اچھے نمبر حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کیلئےTalent Scholarshipکی تشہیر کا اہتمام کیا جائے گا۔

علاوہ ازیں ٹیلنٹ سکالر شپ کی مد میں مختص شدہ رقم میں اضافہ کیا جائے تا کہ طلباء میں ملنے والی رقم میں اضافہ ممکن ہو سکے ۔پرنسپل صاحبان اس امر کا فیصلہ خود کرنے کے پابند ہونگے کہ ٹیچنگ سٹاف کو کتنی کلاسز لینی ہونگی ۔ڈویژ نل ڈائریکٹر کالجز اپنے اپنے ڈویژن میں ہر کالج کا ہر ماہ معائنہ کریں گے اورمعائنہ رپورٹ نظامت اعلیٰ تعلیم کالجز / سیکرٹریٹ کو فراہم کرنے کے پابند ہو نگے ۔سیکرٹریٹ ہائر ایجوکیشن نے تدریسی اصلاحات کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :